پاکستان ریلوے کی کرسمس امن ٹرین نے ملک گیر سفر کا آغاز کر دیا

ٹرین کا افتتاح وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور وزیر انسانی حقوق کامران مائیکل نے کیا خصوسی ٹرین میں 3گیلریز اور 2فلوٹس بھی شامل ، (آج ) ٹرین پشاور سے راولپنڈی پہنچے گی، کرسمس امن ٹرین جہلم ،گوجرنوالہ، لاہور، ساہیوال، ملتان، روہڑی ،حیدرآباد سے ہوتی ہوئی 31دسمبر کراچی پہنچے گی

جمعرات 22 دسمبر 2016 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 دسمبر2016ء) پاکستان ریلوے کی کرسمس امن ٹرین نے جمعرات کو اپنے ملک گیر سفر کا آغاز کر دیا، مسیحی برادری سے یگانگت اور ہم آہنگی کے اظہار کیلئے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چلائی جانے والی اس ٹرین کا افتتاح وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور وزیر انسانی حقوق کامران مائیکل نے کیا،ٹرین مارگلہ ریلوے اسٹیشن اسلام آباد سے پشاور کیلئے روانہ کی گئی، مذہبی ہم آہنگی اور پاکستان سے محبت کو اجاگر کر کیلئے خصوسی ٹرین میں 3گیلریز اور 2فلوٹس بھی شامل ، (آج ) جمعہ کو یہ ٹرین پشاور سے راولپنڈی پہنچے گی، کرسمس امن ٹرین جہلم ،گوجرنوالہ، لاہور، ساہیوال، ملتان، روہڑی ،حیدرآباد سے ہوتی ہوئی 31دسمبر کراچی پہنچے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کی کرسمس امن ٹرین نے جمعرات کو اپنے ملک گیر سفر کا آغاز کر دیا، پاکستان مسیحی برادری سے یگانگت اور ہم آہنگی کے اظہار کے لئے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کرسمس کی تقریبات کے حوالے سے چلائی جانے والی ٹرین کا افتتاح وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ٹرین اور انسانی حقوق کے وزیر کامران مائیکل نے مارگلہ ریلوے اسٹیشن اسلام آباد پر کیا۔

(جاری ہے)

ٹرین مارگلہ اسلام آباد ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوکرشام 5بجے پشاور پہنچے گی اور ایک رات قیام کے بعد 23دسمبر کو یہ ٹرین پشاور سے صبح 10بجے روانہ ہوکر شام 5بجے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پہنچے گی اور رات قیام کرنے کے بعد اگلے روز 24دسمبر کو صبح 9بجکر 30منٹ پر روانہ ہوکر دوپہر 12بجے جہلم پہنچے گی اور دوپہر 1بجے جہلم سے روانہ ہوکر سہ پہر 4بجے گوجرنوالہ ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔

شام 5بجکر 30منٹ پر گوجرانوالہ سے روانہ ہوکر رات 7بجے لاہور ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔24اور25دسمبر کی رات لاہورمیں قیام کرنے کے بعدلاہور ریلوے اسٹیشن سے 26دسمبر کی صبح 9بجے روانہ ہوکر 10بجکر 30منٹ پر رائیونڈ ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ رائیونڈ سے 11بجکر 30منٹ پر روانہ ہوکر دوپہر 3بجے ساہیوال ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ساہیوال سے سہ پہر 4بجے روانہ ہوکر رات 10بجے ملتان ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔

26اور27دسمبرکی رات ملتان میں قیام کرنے کے بعد 28دسمبر کی صبح ملتان سے یہ ٹرین صبح 9بجے روانہ ہوکر دوپہر 3بجے خانپور ریلوے اسٹیشن گی۔ ایک رات قیام کرنے کے خانپور سے یہ ٹرین صبح 9روانہ ہوکر سہ پہر 4بجے روہڑی ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ روہڑی میں ایک رات قیام کرنے کے بعد 30دسمبر کو یہ ٹرین صبح 8بجے روانہ ہوکر سہ پہر 4بجے حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔

ایک رات قیام کرنے کے بعدحیدرآباد سے یہ ٹرین 31دسمبر کوصبح 9بجے روانہ ہوکر شام 5بجے کراچی سٹی ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔31دسمبر2016 اوریکم جنوری 2017کراچی میں قیام کرئے گی۔واضح رہے کہ اس سپیشل ٹرین میں 3گیلریز اور 2فلوٹس شامل ہیں۔جوکہ مذہبی ہم آہنگی اور پاکستان سے محبت کو اجاگر کریں گے۔ تمام اہل وطن خصوصاً مسیحی برادری کو مندرجہ ذیل ریلو ے اسٹیشنوں پر پہنچ کر یگانگت اور ہم آہنگی کے اس مظاہرے کو دیکھ سکتے ہیں ۔(ار)