کرسمس ٹرین کا مقصد ہمدردی اور رواداری کو فروغ دینا ہے ، کرسمس ٹرین محبت اور امن کا پیغام لے کر ملک بھر کا سفر کرے گی، اس کے ذریعے دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج پیش کر رہے ہیں، پاکستان بلا تفریق رنگ و نسل ہم سب کا ہے، ہم نے دنیا کو باور کروانا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ محب وطن ہیں، ضرب عضب اور کراچی آپریشن سے ملک بھر میں امن آیا، کریڈیٹ وزیراعظم نوازشریف اور پاک فوج کو جاتا ہے

وفاقی وزیربرائے انسانی حقوق کامران مائیکل کا مارگلہ ریلوے اسٹیشن پر کرسمس امن ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 22 دسمبر 2016 20:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 دسمبر2016ء) وفاقی وزیربرائے انسانی حقوق کامران مائیکل نے کہا ہے کہ کرسمس ٹرین کا مقصد ہمدردی اور رواداری کو فروغ دینا ہے ، کرسمس ٹرین محبت اور امن کا پیغام لے کر ملک بھر کا سفر کرے گی، اس کے ذریعے دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج پیش کر رہے ہیں، پاکستان بلا تفریق رنگ و نسل ہم سب کا ہے، ہم نے دنیا کو باور کروانا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگ محب وطن ہیں، ضرب عضب اور کراچی آپریشن سے ملک بھر میں امن آیا، کریڈیٹ وزیراعظم نوازشریف اور پاک فوج کو جاتا ہے۔

وہ جمعرات کو مارگلہ ریلوے اسٹیشن پر منعقدہ کرسمس امن ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس امن ٹرین انسانی حقوق اور وزارت ریلوے کی مشترکہ محنت اور کاوش ہے جو وزیراعظم نوازشریف کے محبت ،امن اور رواداری کے ویژن کی عکاسی کرتی ہے،وزیراعظم کی قیادت میں ملک کو امن کا گہوارہ بنارہے ہیں،اسی ضمن میں آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن شروع کیا گیا،آج ملک بھر میں آپریشن کے نتیجے میں امن آیا ہے جس کا کریڈیٹ وزیراعظم نوازشریف اور پاک فوج کو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کرسمس امن ٹرین کا افتتاح ہورہا ہے،خواب کو عملی جامہ پہنانے پر وزیرریلوے خواجہ سعدرفیق کا شکریہ اداکرتے ہیں،کرسمس ٹرین سے دنیا میں یہ پیغام جائے گا کہ ہم مل کر محبت اور رواداری سے اپنی دھرتی ماں کو امن کا گہوارہ بنارہے ہیں،کرسمس ٹرین ہر جگہ امن کا پیغام لے کر جائے گی،ہم سب مل کر اپنے وطن کو سینچیں گے اور سنواریں گے۔انہوں نے کہا کہ کرسمس امن ٹرین سے دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج پیش کر رہے ہیں ،جس کا کریڈیٹ وفاقی حکومت کو جاتا ہے۔(خ م+ار)