مذہبی رواداری کو فروغ دینا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے جسے بخوبی سر انجام دے رہے ہیں،پاکستان کا آئین سب کو مساوی مواقع فراہم کرتا ہے ،پاکستان کا پرچم اقلیتی برادری کے بغیر مکمل نہیں ہوتا،مسیحی برادری نے پاکستان کیلئے بڑی قربانیاں دیں جس کا اعتراف کرتے ہیں، کرسمس امن ٹرین پاکستان کے طول و عرض میں یکجہتی، امن اور رواداری کا پیغام لے کر جائے گی ، کرسمس کے موقع پر اس طرح کی ٹرین کی برصغیر کے ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی، وزیر اعظم کی قیا دت میں پاکستان کو امن، محبت اور خوشحالی کا گہوارہ بنائیں گے

وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا مارگلہ ریلوے اسٹیشن پر کرسمس امن ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 22 دسمبر 2016 20:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 دسمبر2016ء) وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مذہبی رواداری کو فروغ دینا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے، جسے بخوبی سر انجام دے رہے ہیں،پاکستان کا آئین سب کو مساوی مواقع فراہم کرتا ہے ،پاکستان کا پرچم اقلیتی برادری کے بغیر مکمل نہیں ہوتا،مسیحی برادری نے پاکستان کیلئے بڑی قربانیاں دیں جس کا اعتراف کرتے ہیں، کرسمس امن ٹرین پاکستان کے طول و عرض میں یکجہتی، امن اور رواداری کا پیغام لے کر جائے گی ، کرسمس کے موقع پر اس طرح کی ٹرین کی برصغیر کے ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی، وزیر اعظم کی قیا دت میں پاکستان کو امن، محبت اور خوشحالی کا گہوارہ بنائیں گے۔

وہ جمعرات کو مارگلہ ریلوے اسٹیشن پر منعقدہ کرسمس امن ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انسانی حقوق کے وزیر کامران مائیکل بھی موجود تھے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ کرسمس امن ٹرین برصغیر کی تاریخ میں پہلی ٹرین ہے جو کرسمس کے مبارک موقع پر آراستہ کی گئی ہے،پاکستان ،بنگلہ دیش اور بھارت کی تاریخ میں اس سے قبل اس طرح کی ٹرین کی مثال نہیں ملتی آج تاریخی دن ہے،پچھلے سال بھی کرسمس کے موقع پر خصوصی ٹرین روانہ کرنا چاہتے تھے لیکن نہ کرسکے،اس دفع اپنے خواب کو عملی جامہ پہنایہ،ریلوے کے افسران کے پاس اس طرح کی آزادی ٹرین کا تجربہ پہلے سے موجود تھا،کرسمس امن کو آراستہ کرنے میں وفاقی وزیرکامران مائیکل نے بہت محنت کی،ٹرین جس جس شہر میں جائے گی،محبت ،امن اور رواداری کا پیغام لے کر جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان مسیحی برادری کے بنا ادھورا ہے،پاکستان کے پرچم میں سفید رنگ انہی کی عکاسی کرتا ہے،مسیحی برادری نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کیا اور قیام پاکستان میں بھی قربانیاںدیں،ہم مسیحی برادری کی قربانیوں کا دل سے اعتراف کرتے ہیں،پاکستان رنگ و نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر ہم سب کا وطن ہے،ہم سب کو اس کی تعمیر و ترقی کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ مذہب کے حوالے سے مسلمانوں اور مسیحی برادری میں بہت سی اقدار مشترک ہیں،دونوںاہل کتاب اور ایک خداکومانتے ہیں،ہم خدانخواستہ کسی بھی پیغمبر کی شان میں گستاخی کا سوچ بھی نہیں سکتے۔وفاقی وزیرنے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی زیرقیادت پاکستان میں محبت رواداری اور ترقی کا سفر جاری رکھیں گے،کرسمس امن ٹرین پاکستان کے طول و عرض سے گزرتی ہوئی کراچی پہنچے گی اور اس سے یہ پیغام جائے گا پاکستان میں بسنے والی تمام قومیں مادر وطن کیلئے ایک ہیں،مسلمانوں اور مسیحی برادری میں گہرے تعلقات ہیں،پاکستان کی ترقی کیلئے مل کرکام کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہر حکومت کی ذمہ داری ہے کہ مذہبی رواداری کیلئے کام کرے،ہماری حکومت اپنی یہ ذمہ داری احسن طریقے سے پوری کر رہی ہے۔(خ م+ار)