پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ (ن) کے نمائندوں کی واضح کامیابیاں وزیراعظم محمد نوازشریف کے ترقیاتی ایجنڈے پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے، عوام نے احتجاج اور الزامات کی سیاست کو ایک بار پھر مسترد کر دیا ہے، 2018ء میں بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کے سامنے سرخرو ہو کر جائے گی

وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک کا مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 22 دسمبر 2016 20:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک نے کہا ہے کہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ (ن) کے نمائندوں کی واضح کامیابیاں وزیراعظم محمد نوازشریف کے ترقیاتی ایجنڈے پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے اور عوام نے احتجاج اور الزامات کی سیاست کو ایک بار پھر مسترد کر دیا ہے، 2018ء میں بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کے سامنے سرخرو ہو کر جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کویہاں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات ہوں یا بلدیاتی انتخابات، گلگت بلتستان کے انتخابات ہوں یا آزاد کشمیر کے انتخابات، ضمنی انتخابات ہوں یا ڈسٹرکٹ کونسل کے انتخابات، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام نے ایک مرتبہ پھر شہر کو بند کرنے کی دھمکیاں دینے والوں، الزامات اور احتجاج کی سیاست کو رواج دینے والوں کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو ایک مرتبہ پھر مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف صحیح معنوں میں ملک کو ترقی کی راہ پر لیکر جا رہے ہیں۔ اس ملک میں بجلی آئے گی، سڑکوں کا جال بچھے گا اور ترقی ہو گی۔

پسماندہ علاقوں کو ترقی ملے گی، سی پیک سے ملک کی تقدیر بدلے گی۔ غربت اور دہشت گردی کا خاتمہ ہو گا اور پنجاب کے مقامی حکومتوں کے انتخابات میں ضلع کونسل کی 35 میں سے 25 سیٹوں اور میونسپل کمیٹیوں کی 12 میں سے 11 نشستوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج میں مسلم لیگ (ن) کی واضح اکثریت سے کامیابی کی اطلاعات وزیراعظم کے ترقیاتی ایجنڈے کی تکمیل کے حق میں رائے کا اظہار ہے جس پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم کے ترجمان نے کہا کہ ہمیشہ دوسروں پر الزامات عائد کرنے والوں ،کے پی کے کی حکومت نے جو میڈیا ایڈورٹائزنگ کے اربوں روپے کے ٹینڈر کیلئے قوانین کی جو دھجیاں اڑائیں اس کا انہیں جواب دینا ہو گا۔ ٹینڈر میں 10 کمپنیاں سلیکٹ ہوئیں لیکن فیصل جاوید جو پی ٹی آئی کے نمائندے ہیں اور وہ خود کمیٹی کا حصہ تھے، کو اربوں روپے کا یہ ٹینڈر دینے کیلئے پہلے والے ٹینڈرکو منسوخ کر کے دوبارہ ٹینڈر دیئے گئے اور فیصل جاوید جس کمپنی کے ساتھ منسلک تھے اسے وہ ٹھیکہ دے دیا گیا۔

میڈیا اور پی ٹی آئی سے میری اپیل ہے کہ وہ اس واقعہ کی تحقیقات کریں اور حقائق عوام کے سامنے لائیں۔ رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا کہ دھاندلی کے الزامات اور تہمتیں لگانے والوں کو عوام نے ایک مرتبہ پھر مسترد کر دیا ہے جو جمہوریت کے نئے سلسلے کا آغاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں مقامی حکومتوں کے انتخابات میں 28 قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور جو کمیشن بنانے کا وعدہ کیا گیا تھا وہ سرے سے بنایا ہی نہیں گیا۔

اس کے مقابلہ میں آج پرامن طور پر پنجاب میں الیکشن ہونا اس بات کی غمازی ہے کہ عوام مسلم لیگ (ن) کی دوسروں پر الزام لگانے کے ملکی ترقی میں کردار ادا کرنے کی مثبت اور تعمیری سیاست کو پسند کرتے ہیں اور اس پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں پر الزام لگانے والے عمران خان بتائیں کہ ملازموں کے نام پر کاروبار کس کا ہے اور کیوں نہیں بتاتے کہ ان کی جماعت کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے اپنے کاروبار اپنے ملازموں کے نام کیوں کرا رکھے ہیں۔

جنوری کی 5 تاریخ تک مہلت دیتے ہیں کہ وہ تمام فہرستیں فراہم کریں کہ کے پی کے کتنے کرپٹ لوگوں کو آپ نے 120 دن میں تحقیقات کے قانون کے تحت چھوڑیا ہے۔ اب آپ کو یہ حقائق عوام کے سامنے رکھنا ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں مصدق ملک نے کہا کہ احتساب کمیشن کا نیا بل متعارف کرانے جا رہے ہیں جس میں کسی قسم کا کوئی جھول نہیں ہو گا۔ اس وقت جو موجودہ احتساب قوانین ہیں وہ پرویز مشرف نے بنائے تھے اور پلی بار گین قانون کے مطابق ہے جس کے ذریعے لوٹی ہوئی قومی دولت واپس لی جاتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری باڈیز خود مختار ہیں صرف عوام کو پریشانی سے بچانے کیلئے ان باڈیز کے صرف انتظامی امور متعلقہ وزارتوں کو سونپے گئے ہیں تاکہ ریگولیٹری باڈیاں اپنا کام یکسوئی سے سرانجام دے سکیں اور ٹیرف یا کسی اور چیز کے طے کرنے میں تاخیر نہ ہو اور عوام کو مشکل سے بچایا جا سکے۔