وزیر اعلیٰ پنجاب کا حویلی بہادر شاہ میں1230میگاواٹ کے زیر تعمیرگیس پاور پلانٹ کا دورہ،پلانٹ کے مختلف حصے دیکھے ،گیس ٹربائنز کا معائنہ کیا

2018 میں ملک سے لوڈشیڈنگ ہمیشہ کیلئے ختم ہو جائے گی ،ہمارے منصوبوں میں شفافیت پر دشمن بھی انگلی نہیں اٹھا سکتا گزشتہ حکومتوں نے توانائی منصوبوں میں بدانتظامی اور بدعنوانیوں کے ریکارڈ قائم کئے،انکی لگائی ہوئی گرہوں کو دانتوں سے کھول رہے ہیں نیلم جہلم ہائیڈروپاور،نندی پور اور تربیلا 4 ماضی کی حکومتوں کی نااہلی، غفلت اور کرپشن کی داستانیں سنا رہے ہیں،:شہبازشریف انجینئرز اورکارکنوں کو محنت سے کام کرنے پر شاباش دی

جمعرات 22 دسمبر 2016 20:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے جمعرات کے روز حویلی بہادر شاہ ، جھنگ میں1230میگاواٹ کے زیر تعمیرگیس پاور پلانٹ کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے گیس پاو رپلانٹ کے مختلف حصے دیکھے اور گیس ٹربائنز کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ نے دورے کے دوران گیس پاو رپلانٹ کے منصوبے پر کام کرنے والے انجینئرز، عملے اور کارکنوں سے بھی ملاقات کی ۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حویلی بہادر شاہ میں زیر تعمیرگیس پاو رپلانٹ کے منصوبے کو فاسٹ ٹریک پر آگے بڑھایا جا رہا ہے اوربجلی پیدا کرنے کے لئے اس پلانٹ میں دنیا کی جدید ترین گیس ٹربائنز لگائی جا رہی ہیں اور گیس پاو رپلانٹ سے حاصل ہونے والی بجلی عوام کو سستی ملے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اس منصوبے پر کام کرنے والے انجینئرز اور کارکنوں کی محنت اورعزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ نہ صرف یہاں پیشہ ورانہ انداز سے فرائض سرانجام دے رہے ہیں بلکہ ایک قومی خدمت کر رہے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت ملک سے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے کیونکہ پاکستان کی ترقی توانائی کی فراوانی سے جڑی ہوئی ہے۔توانائی بحران کا خاتمہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔انہوںنے کہا کہ منصوبے پر جو انجینئرز اورکارکن کام کررہے ہیں یہ ان کی پیشہ ورانہ ذمہ داری بھی ہے اورایک قومی خدمت بھی۔وزیراعظم محمد نوازشریف کی ہدایت پر مسلم لیگ(ن) کی حکومت توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے مربوط کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

پاکستان کی ترقی کا براہ راست تعلق توانائی سے ہے۔یہ منصوبہ انتہائی کم لاگت میں لگایا جارہا ہے جبکہ اس کی بجلی کی پیداواری صلاحیت کہیں زیادہ ہے۔انہوںنے کہا کہ حویلی بہادر شاہ میں گیس پاور پلانٹ کا پہلا مرحلہ اگلے برس موسم گرما میں مکمل ہوجائے گا جس سے 780میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی اورگرمیوں میں لوڈ شیڈنگ کا درانیہ2گھنٹے کم ہوگا۔

انہوںنے کہاکہ اس منصوبے پر کام کی رفتار بین الاقوامی معیار سے کہیں زیادہ ہے اوریہ منصوبہ مقررکردہ مدت سے قبل مکمل ہوگا۔وزیراعلیٰ نے منصوبے پر کام کرنے والے انجینئرز اور کارکنوں کے کام کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اورانہیں شاباش دی اورکہا کہ منصوبے کی تکمیل پر انجینئرز اورکارکنوں کوخصوصی انعامات بھی دیئے جائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے حویلی بہادرشاہ میں گیس پاور پلانٹ کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 17 برس کے چھائے ہوئے اندھیروں کو دو رکرنے کیلئے دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔

گزشتہ حکومتوں نے توانائی منصوبوں میں بدانتظامی اور بدعنوانیوں کے ریکارڈ قائم کئے۔انہوںنے کہا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور ، نندی پور اور تربیلا 4 ماضی کی حکومتوں کی نااہلی، غفلت اور کرپشن کی داستانیں سنا رہے ہیں۔ماضی کی حکومتوں کی لگائی ہوئی گرہوں کو دانتوں سے کھول رہے ہیں۔ہمارے منصوبوں میں شفافیت پر دشمن بھی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔

انہوںنے کہا کہ توانائی منصوبوں میں شفافیت اور کم قیمت پر منصوبے لگانے پر نیپرا بھی اپنے نرخ کم کرنے پر مجبور ہوا ہے۔کم نرخوں سے صارفین کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچے گا۔1230 میگا واٹ کا یہ منصوبہ جنوری 2018 میں مکمل ہو جائے گا۔انہوںنے کہا کہ2018 میں ملک سے لوڈشیڈنگ ہمیشہ کیلئے ختم ہو جائے گی۔انہوںنے کہاکہ نیلم جہلم پاور پراجیکٹ ڈکٹیٹر مشرف کے دور کا منصوبہ ہے اوراس منصوبے کی لاگت 800ملین ڈالر تھی جو آج بڑھ کر ساڑھے چار ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے ۔

ماضی کی حکومتوں نے بدعنوانی اوربدانتظامیوں کے ذریعے توانائی منصوبوں کو مکمل نہ کیا جو پاکستان کے عوام کے معاشی قتل کے مترادف ہے ۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار منصوبوں کو انتہائی تیزرفتاری اورشفاف طریقے سے مکمل کیا جارہاہے۔موجودہ حکومت کے دور میں متعدد منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں اوریہ منصوبہ بھی وقت سے قبل مکمل ہوگاجبکہ اس طرح کے دیگر بجلی کے کارخانے وقت پر مکمل ہونے سے ملک میں چھائے برسوں کے اندھیرے چھٹ جائیںگے اورپاکستان ترقی کے سفر پر رواں دواں ہوگا۔

ہمارے منصوبوں کی شفافیت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا اورکرپشن کا سایہ دوردور تک ان منصوبوں پر نہیں ہے۔یہ ہمارا فرض منصبی ہے جو مسلم لیگ(ن) کی حکومت بطریق احسن ادا کررہی ہے جبکہ ماضی میں منصوبوں کے نام پر کرپشن کے انبار لگے رہے۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے دور میں منصوبوں کو اعلی معیار ،رفتار اورشفافیت کے ساتھ مکمل کیا جارہا ہے اور ان منصوبوں کی تکمیل سے ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا۔وزیراعلیٰ نے اس منصوبے کے حوالے سے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف، چیف ایگزیکٹو آفیسر راشد لنگڑیال اوردیگر متعلقہ حکام کی کارکردگی کی ستائش کی ۔