وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا ورکنگ ویمن کے حقوق کے قومی دن کے موقع پر پیغام

جمعرات 22 دسمبر 2016 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر وترقی کے ساتھ پرامن معاشرے کی تشکیل میں خواتین کے موثر کردار کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔پاکستان کومضبوط اور باوقار بنانے کیلئے خواتین کی عملی میدان میں شرکت نہایت ضروری ہے۔خواتین کی ترقی اور انہیں بااختیار بناکر ہی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیرکیا جاسکتاہے۔

حکومت پنجاب نے خواتین کو ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ورکنگ ویمن کے حقوق کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصدان باہمت اور پر عزم خواتین کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جو ملک کی تعمیر وترقی میں مثبت کردار ادا کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی خواتین نے اپنی صلاحیت اور محنت کے ذریعے مختلف شعبوں میں نام کمایا ہے۔

سرکاری ملازمتوں میں خواتین کا کوٹہ5فیصد سے بڑھا کر15فیصد کیا گیا ہے اور سرکاری ملازمت کیلئے عمر کی حد میں خواتین کو 3سال کی خصوصی رعایت دی گئی ہے۔ملازمت پیشہ خواتین کی سہولت کے لئے پنجاب کے مختلف اضلاع میں ورکنگ ہاسٹلز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جبکہ جائے ملازمت پر خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف موثر قانون سازی کی گئی ہے۔ اسی طرح خواتین کے حقوق کے تحفظ اوران کیخلاف تشدد کی روک تھام کیلئے صوبے بھر میں مراکزقائم کئے جارہے ہیں۔

خواتین کے معاشی استحکام کے لئے پنجاب وکیشنل ٹریننگ کونسل کے تحت فنی تربیت کے کورسز کرائے جا رہے ہیں۔ حکومت کے تحت کام کرنے والے تمام فیصلہ ساز بورڈز اور کمیٹیوں میں خواتین کو 33فیصد نمائندگی دی گئی ہے اور ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین کی بڑی تعداد لیپ ٹاپ سکیم، اجالا پروگرام، انٹرن شپ پروگرام اور خود روزگار سکیم سے مستفید ہو رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :