قیام پاکستان اور اس کے استحام کیلئے مسیحی برادری کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا،سینیٹر کامران مائیکل

آج برصغیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مذہبی آہنگی کیلئے کرسمس ٹرین چلائی گئی ہے، وزیر ریلوے سعد رفیق

جمعرات 22 دسمبر 2016 20:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر کامران مائیکل نے کہا ہے کہ قیام پاکستان اور اس کے استحام کیلئے مسیحی برادری کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، پاکستان کا پرچم اقلیتی برادری کے بغیر نامکمل ہے، بلاتفریق رنگ و نسل یہ ہم سب کا پاکستان ہے اور اس کے مثبت امیج کو دنیا میں اجاگر کرنے کیلئے وزارت انسانی حقوق اور وزارت ریلوے نے برصغیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کرسمس امن ٹرین کا آغاز کیا۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو کرسمس امن ٹرین کے افتتاح کے موقع پر کہی۔ وفاقی وزیر سینیٹر کامران مائیکل نے کہا کہ کرسمس ٹرین ملک میں رواداری، محبت اور امن کو فروغ دے گی۔ یہ ملک ہم سب کا ہے اور اس کے استحکام اور امن کیلئے ہم ملکر کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر ریلوے سعد رفیق نے اس موقع پر کہا کہ آج برصغیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مذہبی آہنگی کیلئے کرسمس ٹرین چلائی گئی ہے، مسیحی برادری کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

پاکستان کا پرچم اقلیتی برادری کے بغیر نامکمل ہے، مسیحی برادری نے پاکستان کیلئے کئی بڑے کام کئے ہیں۔ پاکستان کا آئین سب کو مساوی مواقع فراہم کرتا ہے، ہم بھائی چارے کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے ہیں۔ کرسمس امن ٹرین پاکستان کے چھوٹے بڑے شہروں جہلم، لاہور، ساہیوال، روہڑی، ٹنڈو آدم اور حیدر آباد سے ہوتے ہوئے کراچی پہنچے گی۔ واضح رہے سپیشل ٹرین میں 3 گیلرز اور دو فلورٹس شامل ہیں جو کہ مذہبی آہنگی اور پاکستان سے محبت کو اجاگر کرتے ہیں۔