پاکستان کا مستقبل تابناک ہے ، سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان خطے میں ایک نئی طاقت بن کر ابھرے گا، سی پیک منصوبے سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورا خطہ اور اس کے ساتھ ساتھ وسط ایشیائی ریاستیں بھی مستفید ہو سکیں گی

صدر مملکت ممنون حسین کاقطر کے وزیر توانائی اور صنعت ڈاکٹر محمد بن صالح السدہ سے ملاقات میں اظہارخیال

جمعرات 22 دسمبر 2016 20:30

پاکستان کا مستقبل تابناک ہے ، سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی تکمیل سے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے اور سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان خطے میں ایک نئی طاقت بن کر ابھرے گا۔ صدر مملکت نے یہ بات جمعرات کو ایوان صدر میں قطر کے وزیر توانائی اور صنعت ڈاکٹر محمد بن صالح السدہ سے ملاقات کے دوران کہی۔

ملاقات میں وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی اور پاکستان میں قطر کے سفیر سقربن مبارک المنصوری بھی شریک تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے فائدہ حاصل کرنے کیلئے وسط ایشیائی ریاستوں اور دوسرے ممالک نے اس میں شامل ہونے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ سی پیک منصوبے سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورا خطہ اور اس کے ساتھ ساتھ وسط ایشیائی ریاستیں بھی مستفید ہو سکیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی بہتر پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی اقتصادی اور معاشی حالت بہتر ہوئی ہے جس کی عالمی مالیاتی اداروں نے بھی تعریف کی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے پاس ہنر مند افراد کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جس سے قطری حکومت فیفا ورلڈ کپ 2022ء کے سلسلے میں فائدہ حاصل کر سکتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ قطر سے ایل این جی کی درآمد سے پاکستان کو توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام تر توجہ توانائی کے منصوبوں پر ہے جو 2018ء میں مکمل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اعلیٰ سطحی دوروں سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ اس موقع پر قطر کے وزیر توانائی و صنعت ڈاکٹر محمد بن صالح السدہ نے کہا کہ پاکستان ایک اہم ملک ہے اور قطر چاہتا ہے کہ سیاسی سطح پر دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے۔ انہوں نے قطر میں مقیم پاکستانیوں کی قطر کی ترقی و خوشحالی کے کردار کو بھی سراہا۔ صدر مملکت نے قطری قیادت کیلئے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ قطر کے امیر جلد پاکستان کا دورہ کرینگے۔