حکومت نے عوامی خواہشات کے مطابق میرٹ پر فیصلے کرنے والا پبلک سروس کمیشن تشکیل دے دیا ہے‘فاروق سکندر

جمعرات 22 دسمبر 2016 20:27

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء)آزادکشمیر کے وزیر مال سردار فاروق سکندر نے کہا ہے کہ حکومت نے عوامی خواہشات کے مطابق میرٹ پر فیصلے کرنے والا پبلک سروس کمیشن تشکیل دے دیا ہے‘ اب کسی کو میرٹ کے خلاف بھرتی ہو کر دوسروں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کا موقع نہیں ملے گا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آزادکشمیر کے اندر گڈگورننس اور میرٹ کی بحالی کو یقینی بنا کر دم لے گی۔

جمعرات کے روز یہاں پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے سردار فاروق سکندر نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزادکشمیر نے اپنے دور میں ایسے کمیشن کی تشکیل کی جس کی نااہلی اور کرپشن عدالت میں امتحانی پرچوں میں ٹمپرنگ کی صورت میں ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم فاروق حیدر اپنے یا پارٹی مفاد کی بجائے صرف اور صرف ریاست اور نئی نسل کے مفادات کے تحفظ کے لئے اداروں کو مستحکم کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کرپشن کے ناسور نے معاشرے میں تمام مکاتب فکر میں اضطراب پیدا کر رکھا ہے۔ موجودہ حکومت نے کرپشن کے خلاف اعلانِ جہاد کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) وزیراعظم پاکستان نوازشریف جلد ہی آزادکشمیر کے دورے پر آرہے ہیں جہاں وہ آزادکشمیر اور بالخصوص جنگ بندی لائن کے قریب بسنے والوں کے لئے اربوں روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے۔