پکا قلعہ گراؤنڈ کا جلسہ عام حیدرآباد کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ عام ہوگا ،رہنماء پی ایس پی

جمعرات 22 دسمبر 2016 20:25

حیدرآباد22دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ آج پکا قلعہ گراؤنڈ کا جلسہ عام حیدرآباد کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ عام ہوگا ، جو سندھ اور پاکستان کے طرز سیاست کو تبدیل کردے گا یہ بات پاک سرزمین پارٹی کے رہنماؤں انیس ایڈوکیٹ ، ڈاکٹرصغیر احمد،وسیم آفتاب ، اشفاق منگی ، افتخار رندھاوا اور دیگر نے مقامی ہوٹل میں صحافیوں کے اعزاز میں دیئے گئے عصرانہ میں جلسہ عام سے متعلق بریفنگ دیتے ہو ئے کہی۔

انہوں نے کہاکہ پی ایس پی 9مہینے کی مختصر جدوجہد کے ساتھ ہی ملک کی ایک نئی اور بڑی سیاسی جماعت بن گئی ہے اور2018ء میں صف اول کی سیاسی جماعت بھی بن جائے گی ۔انہوں نے کہاکہ ہمارا ہر پروگرام ابھی کامیاب رہا ہے عوام جوق در جوق پی ایس پی میں شا مل ہو رہے ہیں جبکہ ایم کیو ایم کے اراکین پارلیمنٹ اور بلدیات ہمیں یقین دلا رہے ہیں کہ وہ اپنی رکنیت سے فارغ ہو تے ہی پی ایس پی میں شامل ہو جائیں گے لیکن ہمارے لیے اہم لوگ وہ ہیں جو آج شامل ہور ہے ہیں اور ہماری قیادت کے وژن کو پسند کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ آج عوامی عدالت لگے گی جس میں حیدرآباد اور ملک بھر کے مظلوم و محکوم عوام کا مقدمہ پیش کیا جائے گااور عوام فیصلہ دیں گے کہ وہ کس کے ساتھ ہیں انہوں نے کہاکہ اب بھتہ خوری اور زکواة و فطرہ کے نام پر عیاشیاں کرنے والوں کا دور ختم ہو گیا ہم نے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھا ہے ہم عوام کو اب کچھ دینا چاہتے ہیں انہوں نے کہاکہ پاکستان مشکلات میں ہے تمام قوموں کا ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا استحکام ِ پاکستان کا ضامن بنے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پی ایس پی کا روز بروز حجم بڑھ رہا ہے جبکہ ایم کیو ایم کا حجم دن بدن گھٹ رہا ہے یہ ہماری کامیابی کی دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جلسہ عام کا مرکزی خیال ، ہمارا حق اِدھر رکھ، ہے ہم عوامی مسائل کو اجاگر کریں گے تاکہ متعلقہ اداروں کو مجبور کیا جائے کہ عوام کو صحت و صفائی ، تعلیم و روزگار اور دیگر مسائل سے نجات دی جائے علاوہ ازیں پی ایس پی کی جانب سے پکا قلعہ سے ایک ریلی بھی نکالی گئی جس نے شہر بھر کے اہم علاقوں کا گشت کیا جبکہ شہر کے معززین ، تاجروں و دیگر طبقوں کے نمائندہ افراد کے لیے شہر کے بڑے ہوٹلوں میں ضیافت و بریفنگ کا اہتمام بھی کیا گیا آج کے جلسہ عام میں جو4 بجے سہ پہر پکا قلعہ گراؤنڈ میں شروع ہو گا جملہ انتظامات کرلیے گئے ہیں شہر بھر میں پبلسٹی کے لیے بینرز ، ہورڈنگز ، پینا فیلیکس ، پوسٹرز اور چاکنگ کی گئی ہے ہر اہم چوراہے پر دعوتی کیمپس لگائے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :