آصف علی زرادری کی وطن واپسی سے سیاسی بونوں کے ارمانوں پر اوس پڑگئی ہے،ذوالفقار علی قائم خانی

جمعرات 22 دسمبر 2016 20:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور بلدیہ شرقی میں قائد حزب اختلاف ذوالفقار علی قائم خانی نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری علاج کے سلسلے میں ملک سے باہر گئے تھے ۔ وہ عناصر اور سیاسی شعبدہ گر جنھوں نے ان کی وطن سے روانگی پر بے جا تنقید کا طومار باندھ رکھا تھا اب ان کی وطن واپسی پر کیا کہیں گے یقینی طور پر وہ شرمندگی کے باعث اب عوام کا سامنا کرنے سے گریز ہی کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اس شخصیت کا نام ہے جس نے پاکستان کھپے کا نعرہ مستانہ قوم کو دیا اور پاکستان میں جمہوریت کا تسلسل انھی کے دم قدم سے ہے۔ یہ اور بات ہے کہ سیسی بونے پاکستان اور جمہوریت کے لیے ان کی اعلی خدمات سے صرف نظر کرتے ہوئے ان کی ذات کے حوالے سے عوام میں بدظنی پھیلانے کا مذموم کاروبار کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ مرآہن کا لقب بھی آصف علی زرداری نے از خود نہیں اہنایا بلکہ یہ لقب انھیں ان کی ثابت قدمی اور سیاسی دوراندیشی اور جمہوریت کے لیے ان کی بے پناہ خدمات کے بدلے میں قوم نے انھیں دیا ہے۔

انھوں نے کہ کہ سیاسی بونے چاہتے تو یہی تھے کہ آصف علی زرداری وطن واپس نہ آئیں تاکہ ان کی سیاسی دکانداری چلتی رہے خواہ جمہوریت کا کچھ بھی حشر ہو لیکن آصف علی زرداری کی وطن واپسی سے تمام سیاسی بونوں کے ارمانوں پر منوں ٹنوں برف پڑگئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے جس طرح پاکستان کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے آگے گروی رکھدیا ہے اور جس طرح ڈان لیکس جیسی سازشوں سے پاک افواج کا مورال کم کرنے کی ناپاک جسارت کی اس تمام صورت حال سے ملک و قوم کو صرف آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری ہی نکال سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سیاسی بونے جم کر ٹی وی اسکرینوں کے سامنے بیٹھ جائیں اور دیکھیں کہ قوم کس طرح آصف علی زرداری کا پرتپاک استقبال کرتی ہے اور یہ استقبال ہی اس حقیقت کا غماص ہے کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری ہی اس قوم کی امنگوں کے آئینہ دار ہیں۔