مالاکنڈ کو جرائم سے پاک ضلع بنا یا جائے گا،سید ظفر علی شاہ

جمعرات 22 دسمبر 2016 20:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2016ء)ڈپٹی کمشنر مالا کنڈ سید ظفر علی شاہ نے کہا ہے کہ مالاکنڈ کو جرائم سے پاک ضلع بنا یا جائے گا، اس مقصد کے لئے ٹریفک پولیس کا ایک26رکنی دستہ فیلڈ میں جانے کے لئے تیار ہے جس نے کٹھن اور انتہائی نامساعد حالات میں بھی تندہی سے اپنے فرائض ادا کر کے ایک بہترین فورس ہونے کا ثبوت دیا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مالاکنڈٹاپ میں واقع اپنے دفتر میں ٹریفک پولیس کے ایک چاق و چوبند دستے کو جدید سہولتیں فراہم کرنے کے موقع پر منعقدہ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

درگئی کے اسسٹنٹ کمشنر شہاب علی شاہ اور بٹ خیلہ کے اسسٹنٹ سہیل خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔سید ظفر علی شاہ نے پولیس دستہ پرزور دیا کہ وہ عوام کے ساتھ ان کے خادم کی حیثیت سے خوش خلقی کے ساتھ پیش آئیں اور غلطیوں کی نشاندہی کریں کیونکہ لیویزکی صلاحیتوں میں بہتری وقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔پاکستان بھر کے جملہ اضلاع کے مقابلہ میں مالاکنڈلیویز نسبتاً ایک بہتر فورس ہے انہوں نے کہا کہ انہیں مالاکنڈلیویز کی کارکردگی پر فخر ہے اور امید ہے وہ اس میں مزید نکھار لائیں گے۔