جاب فیئر میں 400 نوجوانوں کوخیبر پختونخوا کی مختلف صنعتوں اور تجارتی اداروں میں ملازمت فراہم کردی

جمعرات 22 دسمبر 2016 20:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2016ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حاجی محمد افضل نے کہا ہے کہ سرحد چیمبر اور ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اینڈ سکل ڈویلپمنٹ کمپنی (ٹسڈک) کے باہمی تعاون سے منعقد کرائے گئے جاب فیئر میں 400 نوجوانوں کوخیبر پختونخوا کی مختلف صنعتوں اور تجارتی اداروں میں ملازمت فراہم کردی گئی ہے جبکہ اس جاب فیئر میں 586 نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کی ملازمتوں کیلئے رجسٹریشن کردی گئی ہے ۔

ملک بھر سے 136 صنعتکاروں اور تاجروں نے اس جاب فیئر میں حصہ لیا جبکہ بہت جلد آن جاب ٹریننگ کے لئے 30 انڈسٹریلسٹ کے ساتھ MOU کیا جائے گا ۔چیمبر ہائوس میں یورپی یونین کی ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کی ایڈوائزر مس سعدیہ اور ترکمانستان کے صحافیوں کے چار رکنی وفد کے دورہ سرحد چیمبر کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سرحد چیمبر کے سابق صدور غضنفر بلور ،ْ ملک نیاز احمد ،ْ فواد اسحق ،ْ سرحد چیمبر کے نائب صدر عابد اللہ یوسفزئی ،ْ باجوڑ چیمبر کے صدر لالی شاہ ،ْ ٹسڈک کے پروگرام منیجر فیض محمد ،ْ چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن خان گل اعوان ،ْ انجینئر مقصود انور پرویز ،ْ صدر گل ،ْ معروف صحافی امجد عزیز ملک اور صنعت و تجارت سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت ٹسڈک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔

سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محمد افضل نے دونوں وفود سے بات چیت کرتے ہوئے اُنہیں بتایا کہ سرحد چیمبر صوبے میں روزگار کی فراہمی کے لئے ٹسڈک ،ْ ٹیوٹا اور دیگر ٹیکنیکل اینڈووکیشنل اداروں کے ساتھ مل کر متعدد اقدامات اٹھا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرحد چیمبر ٹیکنیکل اداروں کے مابین کوآرڈینیش کے فروغ اور فنی تعلیم اور مہارت سے آراستہ نوجوانوں کو مختلف صنعتوں اور کاروبار میں روزگار کی فراہمی کے لئے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور اس مقصد کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ حکومتیں آن جاب ٹریننگ کرنے والے افراد کو وظیفہ کے طور پر مالی امداد کرے ۔

انہوں نے کہا کہ سرحد چیمبر یورپی یونین کے ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ قریبی روابط کا فروغ چاہتا ہے تاکہ خیبر پختونخوا اور فاٹا میں نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم ہوسکیں۔ انہوں نے ترکمانستان کے صحافیوں کو صوبے میں صنعت و تجارت کے شعبے میں سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا ۔ اس موقع پر یورپی یونین کی ہیومن ریسورس ایڈوائزر مس سعدیہ نے یورپی یونین کی جانب سے صوبے میں ٹسڈک کے ساتھ مل کر ووکیشنل ٹریننگ پروگرام کے لئے اٹھائے جانیوالے اقدامات آگاہ کیا ۔ ترکمانستان کے صحافیوں نے 2017ء میں ہونیوالے کھیلوں کے مقابلوں کے حوالے سے چیمبر کے ممبران کو آگاہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :