اصلاحاتی اقدامات کا مقصد صوبے کے غریب عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے،پرویزخٹک

ذرائع ابلاغ کے موجودہ ترقیافتہ دور میں محکمہ اطلاعات کا تخلیقی کردارسامنے آنا چاہیے،وزیراعلی خیبرپختونخوا

جمعرات 22 دسمبر 2016 20:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ذرائع ابلاغ کے موجودہ ترقیافتہ دور میں محکمہ اطلاعات کا تخلیقی کردارسامنے آنا چاہیئے اور محکمہ کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی ہے کہ عوامی فلاح کیلئے حکومتی اقدامات کی جدید تقاضوں کے مطابق مناسب تشہیر یقینی بنائیں تاکہ عوام کو پتہ ہو کہ ان کی فلاح کیلئے کیا اقدامات کئے ہیں اور وہ کس طرح اُن سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

موجودہ حکومت کے عوام دوست اقدامات، پالیسیوں ، اصلاحات اور قانون سازی کا سابقہ حکومتوں اور انکے اداروں کے ساتھ تقابلی جائزہ پیش کیا جائے اور عوام کو آگاہ کیا جائے کہ تین سال پہلے صوبے کے ادارے کس حال میں تھے اور اب موجودہ حکومت کے اقدامات کے نتیجے میں اداروں میں کیا تبدیلی آئی ہے اور خدمات کی فراہمی میں کیا بہتری آئی ہے۔

(جاری ہے)

وہ وزیر اعلی ہائوس پشاور میں محکمہ اطلاعات سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں مشیر اطلاعات مشتاق احمد غنی، سیکرٹری اطلاعات طاہر حسن اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

وزیراعلیٰ نے مشتاق پراچہ کی زیر قیادت نوشہرہ پریس کلب کے ایک وفد سے بھی ملاقات کی اور نوشہرہ میں میڈیا کالونی پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے تین سال کے مختصر عرصے میں صوبے کے اداروں کو ٹھیک کرنے کیلئے ریکارڈ قانون سازی اور اصلاحات متعارف کی ہیں۔ہمارے اصلاحاتی اقدامات کا مقصد صوبے کے غریب عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے اور انہیں خدمات کی آسان فراہمی یقینی بنانا ہے۔

عوام ان اقدامات سے اسی صورت میں مستفید ہو سکتے ہیں جب انہیں ان اقدامات اور ان کے فوائد کا علم ہو گا۔ عوام کو معلوم ہونا چاہیئے کہ حکومت نے ان کی فلاح کیلئے کیا منصوبے متعارف کرائے اور کس شعبے میں کونسی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ مجوزہ پبلسٹی پلان کے ذریعے تعلیم ، صحت ، پولیس ، پٹوار اور دیگر منصوبوں میں سابقہ حکومتوں اور موجودہ حکومت کا تقابلی جائزہ کرکے عوام کو موجودہ حکومت کی فلاحی سرگرمیوں کے بارے میں قابل فہم انداز میں آگاہ کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے غیر ضروری اخراجات کی حوصلہ شکنی کی اور عوام کا پیسہ عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کرنے کا کلچر متعارف کروایا اور سسٹم کو عوام کی توقعات کا آئینہ دار بنایا۔ان کی حکومت عوام کی فلاح کیلئے وسائل کے استعمال کو میگاپراجیکٹ سمجھتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ حکومت نے شروع دن سے تعلیم، صحت ، پولیس اور سماجی خدمات کے دیگر شعبوں میں اصلاحات کیلئے جدوجہد کی اور اس مقصد کیلئے ریکارڈ قانون سازی کی ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو آگا ہ کیا جائے کہ آج کا خیبر پختونخوا ماضی سے کتنا مختلف ہے اور موزانہ کرکے صحیح اور غلط کے بارے میں عوام میںشعور پیدا کیا جائے۔وزیر اعلی نے کہا کہ بہتر مالی نظم و ضبط کے ذریعے فنڈز کو عوامی فلاح وبہبود میں خرچ کیا گیا جس کے بارے میں بھرپور تشہیر اور آگہی وقت کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو معلوم ہو سکے کہ حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی کے ان کی زندگی پر کیا مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور وہ کس طرح اس سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔

پرویز خٹک نے کہا کہ ریکارڈ قانون سازی اور اصلاحات نے فرسودہ نظام کو یکسر تبدیل کر دیا ہے نظام میں شفافیت لائی گئی ہے جس سے بہتر طرز حکمرانی وجود میں آئی ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام کو بتایا جائے کہ اب ماضی کی مفاد پرست طرز حکمرانی کا دور گزر چکا ہے۔ اب ادارے صحیح معنوں میں عوام کی خدمت پر مامور ہیں۔ عوام کو اپنے حقوق کیلئے نہ کسی کی سفارش درکار ہے اور نہ ہی انہیں رشوت دینا پڑتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تشہیری مہم میںعوام کو تصویر کے دونوں رخ دکھائے جائیں تاکہ وہ خیبرپختونخوا کے ماضی اور حال سے متعلق زمینی حقائق جان سکیں۔ وہ اس قابل ہوں کہ غریب دوست اور غریب دشمن قوتوں کے درمیان فرق کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :