وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایف آئی اے اور آئی سی ٹی پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی شاندار کارکردگی پر انہیں نقد انعامات اور تعریفی اسناد دیں

ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور ڈاکٹر عثمان انور اور ایس پی انوسٹی گیشن آئی سی ٹی پولیس کیپٹن (ر) الیاس 2016ء کے بہترین افسران قرار ایوارڈز درحقیقت عوام کی خدمت کیلئے علامتی اظہار ہے، اپنے ساتھیوں کو بھی اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور ایسے اعزازات حاصل کرنے کیلئے ترغیب دیں آئی سی ٹی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کومبنگ آپریشنز میں زیادہ تعاون اور بہتری کو یقینی بنائیں، وفاقی دارالحکومت کی بڑی شاہراہوں اور سڑکوں پر ٹریفک ہجوم پر قابو کیلئے 24 گھنٹے کے اندر ایک جامع سٹرٹیجی تیار کی جائے، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایت

جمعرات 22 دسمبر 2016 20:03

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایف آئی اے اور آئی سی ٹی پولیس کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایف آئی اے اور آئی سی ٹی پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی شاندار کارکردگی پر انہیں نقد انعامات اور تعریفی اسناد دی ہیں۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور ڈاکٹر عثمان انور اور ایس پی انوسٹی گیشن آئی سی ٹی پولیس کیپٹن (ر) الیاس کو 2016ء کے بہترین افسران قرار دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے جن افسروں نے ایوارڈز حاصل کئے ان میں ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور ڈاکٹر عثمان انور، انسپکٹر ایف آئی اے سندھ زون عبدالرئوف، ایس آئی ایف آئی اے بلوچستان رشید محمود، ایس آئی ایف آئی اے پنجاب زون محسن بٹ اور امیگریشن بی آئی اے کے ایف آئی اے کے پی کے زون واجد علی شاہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

آئی سی ٹی پولیس کے افسران اور اہلکاروں میں ایس پی کیپٹن (ر) الیاس، ایس آئی عبدالرزاق، اے ایس آئی توصیف احمد، اے ایس آئی سلیم رضا، اے ایس آئی محمد اشرف اور کانسٹیبل یاسر محمود شامل ہیں۔

بہترین افسران کو 3 لاکھ روپے کا نقد انعام جبکہ دیگر بہترین افسران کو ایک لاکھ روپے کا انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ دیا گیا۔ افسران سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے ان کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ یہ ایوارڈز درحقیقت عوام کی خدمت کیلئے ان سے ایک علامتی اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ایوارڈز سے ان کی مزید حوصلہ افزائی ہو گی اور وہ اپنے ساتھیوں کو بھی اپنی کارکردگی بہتر بنانے اور ایسے اعزازات حاصل کرنے کیلئے ترغیب دینگے۔

قبل ازیں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے آئی سی ٹی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ وہ کومبنگ آپریشنز میں زیادہ تعاون اور بہتری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عدالتوں میں مناسب استغاثہ کے ساتھ مجرموں کی گرفتاریاں کی جائیں۔ وفاقی دارالحکومت کی بڑی شاہراہوں اور سڑکوں پر ٹریفک ہجوم کے متعلق انہوں نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کو 24 گھنٹے کے اندر ایک جامع سٹرٹیجی تیار کرنے کی ہدایت کی تاکہ دفتری اور سکول اوقات کے دوران ٹریفک ہجوم کے مسئلے کو حل کیا جا سکے۔

انہوں نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کو مزید ہدایت کی کہ وہ عوام میں ٹریفک قوانین کی آگاہی کیلئے مہم شروع کریں۔ ایف آئی اے کے حکام نے وزیر داخلہ کو اشتہاری ملزموں کیخلاف ملک گیر مہم کے متعلق آگاہ کیا۔ ایف آئی اے نے مختلف مقدمات میں اب تک 500 سے زائد اشتہاری مجرموں کو گرفتار کیا ہے جبکہ دیگر اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

انہیں بتایا گیاکہ 1139 پاسپورٹ بلیک لسٹ کئے گئے ہیں جبکہ اشتہاری ملزمان کے 872 کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ بھی بلاک کئے گئے ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ ایف آئی اے، آئی سی ٹی پولیس، نادرا اور دیگر متعلقہ ادارے اشتہاری ملزمان کی جلد گرفتاری کو یقینی بنانے کیلئے ان کے مکمل ڈیٹا کیلئے قریبی طور کام کر رہے ہیں۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد نے بتایا کہ وزیر داخلہ کی ہدایات کے تحت انسانی سمگلروں اور غیر قانونی ٹریولنگ ایجنٹوں کیخلاف مہم شروع کی گئی جس کے نتیجے میں بڑی کامیابیاں حاصل ہوئیں اور 2016ء کے دوران جعلی دستاویزات کی بناء پر بیرون ملک سے کسی شخص کو ڈیپورٹ نہیں کیا گیا۔

وزیر داخلہ نے انسانی سمگلروں اور غیر قانونی ٹریول ایجنٹ مافیا کیخلاف ایف آئی اے کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ غیر قانونی ایجنٹ مافیا نہ صرف معصوم اور غریب لوگوں کا استحصال کر رہا ہے بلکہ ملک کے تشخص کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔ انہوں نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ وہ اسی جذبہ سے اپنی مہم جاری رکھے۔ آئی سی ٹی پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق ایک تفصیلی پریزنٹیشن اور جامع تجزیہ پیش کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اگرچہ جرائم کی شرح میں بڑی کمی آئی ہے تاہم وفاقی دارالحکومت کو جرائم سے مکمل طور پر پاک کرنے کیلئے ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔