پاکستان اور قطر کا مشترکہ تیل و گیس کی تلاش کے منصوبوں اور سی این جی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

ْپاکستان قطر مشترکہ بزنس کونسل کا اجلاس جلد بلایا جائے گا، مشترکہ وزارتی کمیشن کافیصلہ قطر کے ساتھ افرادی قوت اور چاول کی برآمد اور ایل این جی فراہمی کے فروغ پر بات چیت کی گئی ، شاہد خاقان

جمعرات 22 دسمبر 2016 19:52

اسلام آ باد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 دسمبر2016ء) پاکستان اور قطر نے مشترکہ تیل و گیس کی تلاش کے منصوبوں ،سمندر میں تیل کی تلاش اور سی این جی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ وفاقی وزیر پٹرولیم وقدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قطر کے ساتھ افرادی قوت اور چاول کی برآمد اور ایل این جی فراہمی کے فروغ پر بھی بات چیت کی گئی ۔

جمعرات کو پاکستان اور قطر کا مشترکہ وزارتی کمیشن کا چوتھا اجلاس ہو اجس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کی اور قطری وفد کی قیادت قطر کے وزیر صنعت و توانائی ڈاکٹر محمد بن صالح السدا نے کی۔ مذاکرت میں تجارت ‘ توانائی ‘ صنعت اور تعلیم کے شعبوں پر بات چیت کی گئی اور پاکستان سے ایک لاکھ افرادی قوت قطر بھجوانے سے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں قطر سے ایل این جی فراہمی کے امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مشترکہ تیل و گیس کی تلاش کے منصوبوں اور سمندر میں تیل کی تلاش کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ قطر میں سی این جی سیکٹر کیلئے بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ قطر کی جانب سے پاکستانی چاول کی درآمد ٹینڈرز میں شامل کرنے کی درخواست کی گئی۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان قطر مشترکہ بزنس کونسل کا اجلاس جلد بلایا جائے گا۔ قطر نے پاکستان کے انفراسٹرکچر منصوبوں اور زرعی شعبہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور قطر کے وزیر نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی کئے۔ …(رانا)