معیاری تعلیم و تحقیق کی ترویج اور کمیونٹی سروسز کے لئے ویٹرنری یونیورسٹی کا کردار قابل تحسین ہے‘ محمد رفیق رجوانہ

ملک میں معیار تعلیم کو بہتر بنانا اور لائیوسٹاک کو ایک مستحکم فعال ادارہ بنانا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے‘ ویٹرنری یونیورسٹی کے آٹھویں کانووکیشن سے خطاب

جمعرات 22 دسمبر 2016 19:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 دسمبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ ملک میں معیار تعلیم کو بہتر بنانا اور لائیوسٹاک کو ایک مستحکم فعال ادارہ بنانا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔ یہ بات انہوں نے ویٹرنری یونیورسٹی کے آٹھویں کانووکیشن کے موقع پر طلباء و طالبات میں میڈلز اورڈگریاں تقسیم کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب میں پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر محمد نظا م الدین، سیکرٹری لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈیویلپمنٹ پنجاب نسیم صادق، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا اور پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کے والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے میڈلز اور ڈگریاں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کرتے کہا کہ یہ اب آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ اپنے علم وعمل کے ذریعے ملک و ملت کی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم و تحقیق کی ترویج اور کمیونٹی سروسز کے لئے ویٹرنری یونیورسٹی کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ اپنی اعلیٰ کارکردگی کی بدولت نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں ملک بھر کی دس بہترین جامعات کی فہرست میں شامل ہے۔ گورنرپنجاب نے کہا کہ نوجوان نسل قوم کا حقیقی اثاثہ اور سرمایہ ہے ،آج اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ ہم اپنے معاشرے کی ہر سطح پر مثبت اور تعمیری رویوں اور اعلیٰ انسانی روایات کو پروان چڑھائیں۔

کانووکیشن میں 1100گریجویٹ طلبہ کو ڈگریاں دی گئیں جن میں سے 220 ڈاکٹر آف ویٹرنری میڈیسن، 238بی ایس آنرز، 80ڈاکٹر فارمیسی، 39 ماسڑ بزنس ایڈمنسٹریشن، 16ماسٹر بزنس ایڈمنسٹریشن ایگزیکٹیو، 22 ماسٹر بزنس فنانس، 135 ایم ایس سی، 45بی بی اے آنرز،36پی ایچ ڈی اور 270ایم فل کی ڈگریاں طلبہ و طالبات نے وصول کیں جبکہ پوزیشن حاصل کرنے والے 44طلبہ کو میڈلز بھی دیئے گئے۔

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے طلبہ میں میڈلز اور ڈگریاں تقسیم کیں۔ بعد ازاں، ئگورنر ہائوس لاہور میں کرسمس کے حوالے سے گورنر ہائوس کے افسران اور اسٹاف کی جانب سے کرسچن ملازمین کے اعزاز میں تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ تقریب میں گورنر ہائوس کے افسران سمیت اسٹاف کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب میں کرسمس کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا اور ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی طور پر دُعا مانگی گئی۔

اس موقع پر گورنر ہائوس لاہور میں کام کرنے والے مسیحی ملازمین کی طرف سے جمیل مسیح، مجید مسیح، جاوید مسیح اور شمیم بی بی نے نمائندگی کی۔ اس موقع پر گورنر ہائوس میں کام کرنے والے مسیحی ملازمین کو کیش پرائز ز کے ساتھ ساتھ تحائف سے بھی نوازا گیا۔گورنر ہائوس کے افسران نے کہا کہ کرسمس خوشیوں اور مسرتوں کا تہوار ہے اور اسے اپنے ورکرز کے ساتھ منانے میں دلی خوشی محسوس ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :