خواتین کے حقوق کی پاسداری ہم سب کی ذمہ داری ہے،مقررین کا آگاہی ورکشاپ سے خطاب

جمعرات 22 دسمبر 2016 19:11

لاہور۔22 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء)حکومت پنجاب نے ملازمت کرنے والی خواتین کی فلاح وبہبود اور حقوق کے تحفظ کے لئے متعدد عملی اقدامات کئے ہیں-محکمہ ترقی خواتین کے زیر اہتمام ورکنگ وویمن کے حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے ورکنگ وویمن ہاسٹلز ماڈل ٹائون میں آگاہی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے جینڈر سپیشلسٹ گل لالے خان، رما شاہد، رخسانہ نفیس، سدرا تبسم او ردیگر نے کہاکہ 22دسمبر کا دن حکومت نے ان باہمت او ر پرعزم خواتین کے نام کیا ہے جو ملک کی تعمیر وترقی میں فعال کردار ادا کررہی ہیں-حکومت نے خواتین کے لئے اہم عملی اقدامات کئے ہیں ان میں جائے ملازمت پر خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف قانون سازی ، خواتین کے لئے 15فیصدملازمتی کوٹہ مختص، عمر میں بالائی حد میں 3سال کی رعایت ، گھروں میں کام کرنے والی خواتین کے لئے تربیتی کورسز ، ڈے کیئرسنٹرز کا قیام، خواتین پر تشدد کے خلاف قانون ، ملازمت پیشہ خواتین کے لئے ہاسٹلز کی سہولت شامل ہیں۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہاکہ خواتین زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہیں- جس کے باعث نہ صرف معاشی ترقی میں تیزی آئی ہے بلکہ معاشرتی سطح پر خواتین کے فعال کردار میں اضافہ ہواہے -انہوںنے خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنے حقوق سے آگاہی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ حکومتی اقدامات کی روشنی ملک کی معاشی ترقی کے لئے اپنا فعال کردارادا کریں-انہوں نے مزید کہاکہ خواتین کے حقوق کی پاسداری ہم سب کی ذمہ داری ہے۔