وزیراعظم محمد نوازشریف کی پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی پر مسلم لیگ (ن) کے پارٹی کارکنوں، عہدیداروں اور ووٹروں کو مبارکباد

جمعرات 22 دسمبر 2016 18:56

وزیراعظم محمد نوازشریف کی پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے پنجاب بھر میں بلدیاتی انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارٹی کارکنوں، عہدیداروں اور ووٹروں کو مبارکباد دی ہے۔ پارٹی کارکنوں کی سخت محنت کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترقیاتی پالیسیوں پر بڑے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کیلئے بلدیاتی اداروں کے منتخب نمائندوں کی بڑی ذمہ داریاں اور فرائض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے منتخب میئرز اور چیئرمین نچلی سطح پر عوام کے مسائل کو بہتر طور حل کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موثر بلدیاتی نظام کے بغیر دنیا کی کوئی جمہوریت بہتر طور کام نہیں کر سکتی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایک مضبوط اور بہتر پاکستان کیلئے ہماری روشن خیال پالیسیوں کا عوام نے کھلے دل سے خیر مقدم کیا ہے جنہوں نے ہمیں ووٹ دیئے۔ وزیراعظم نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ منتخب نمائندے اپنی سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کریں گے۔