پرویز مشرف کے ٹی وی انٹرویو کو غلط رنگ دیا جارہا ہے‘ڈاکٹر امجد

پرویز مشرف نے انٹرویو میں کہیں نہیں کہا کہ جنرل راحیل شریف نے ان کے لئے حکومت سے ڈیل کی ،سازشی عناصر منفی پروپیگنڈہ اور بیان کا غلط مطلب نکال کر پرویز مشرف، اعلیٰ عدلیہ اور افواج پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل کا وضاحتی بیان

جمعرات 22 دسمبر 2016 18:48

پرویز مشرف کے ٹی وی انٹرویو کو غلط رنگ دیا جارہا ہے‘ڈاکٹر امجد

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 دسمبر2016ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ جنرل(ر)پرویز مشرف کی طرف سے نجی ٹی وی چینل کو دئیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہیں بھی نہیں کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ان کے لئے حکومت سے کوئی ڈیل کی ہے۔سازشی عناصر بیان کا غلط مطلب نکال کر پرویز مشرف، اعلیٰ عدلیہ اور افواج پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں،دنیا جانتی ہے کہ پرویز مشرف پر سیاسی بنیادوں پر مقدمات قائم کر کے انہیں انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

اس بنیاد پر نہ صرف پاک فوج بلکہ ہر محب وطن پاکستانی پرویز مشرف سے ہمدردی کرتا ہے،اس بات کو منفی رنگ دینا ناانصافی ہے۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں پرویز مشرف کے ٹی وی انٹرویو کے متن کے حوالے سے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل بھی اس بات کی کئی مرتبہ وضاحت کی جاچکی ہے کہ جنرل(ر)پرویز مشرف سپریم کورٹ کے احکامات کی تکمیل میں وزارت داخلہ کی اجازت سے بیرون ملک علاج کے لئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا علاج مکمل ہوچکا ہے اور وہ مناسب وقت پر پاکستان تشریف لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جنرل(ر)پرویز مشرف سے خائف ٹولہ سیدھی سادھی باتوں کا الٹ معنی نکال کر اپنے مذموم ایجنڈے کی تکمیل میں سرگرم عمل ہے۔جنرل(ر)پرویز مشرف نے نجی ٹی وی کو اپنے انٹرویو میں اس بات کا کہیں بھی ذکر نہیں کیا کہ سابق آرمی چیف جنرل(ر) راحیل شریف نے انہیں باہر بھیجوانے کے لئے حکومت سے کوئی ڈیل کی ہے بلکہ اپنے انٹر ویو میں انہوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ کسی بھی ڈیل کے بارے میں نہیں جانتے۔

اس بات کو اپنے معانی دے کر پرویز مشرف فوبیا میں مبتلا ٹولے کی طرف سے ان کی کردارکشی کی مہم چلائی جارہی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسا گھٹیا پروپیگنڈہ بند کیاجائے۔قوم کو پرویز مشرف کی خدمات یاد ہیں۔سازشی عناصر اپنے مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔