الیکشن کمیشن نے پنجاب میں میئرز ‘ ڈپٹی میئرز ‘ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمینوں کے انتخابات مکمل ہونے پر ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار

تیسرے مرحلہ کی تکمیل کے ساتھ ہی ملک بھر میں 115200 بلدیاتی حلقوں میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی آئینی ذمہ داری نبھانے میں کامیاب ہوا ہے، الیکشن کمیشن کا اعلامیہ

جمعرات 22 دسمبر 2016 18:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 دسمبر2016ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جمعرات کو پنجاب میں میئرز ‘ ڈپٹی میئرز ‘ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمینوں کے انتخابات مکمل ہونے پر ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن پنجاب میں تیسرے مرحلہ کی تکمیل کے ساتھ ہی ملک بھر میں 115200 بلدیاتی حلقوں میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی آئینی ذمہ داری نبھانے میں کامیاب ہوا ہے۔

جمعرات کو ای سی پی سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ای سی پی نے پہلی بار اپریل 2015ء میں کنٹونمنٹس میں 42 براہ راست نشستوں پر اور مئی 2015ء میں بالواسطہ نشستوں پر انتخابات منعقد کرائے۔ اسلام آباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی 731 نشستوں کیلئے نومبر 2015ء میں بلدیاتی انتخابات منعقد کرائے گئے۔

(جاری ہے)

صوبہ کے پی کے میں مئی 2015ء میں 42858 نشستوں پر بلدیاتی انتخابات کرائے گئے۔

صوبے میں ناظمین اور نائب ناظمین کے انتخابات کے بعد ستمبر 2015ء میں بلدیاتی اداروں نے کام شروع کر دیا۔ پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات 3 مراحل میں کرائے گئے۔ اکتوبر 2015ء سے دسمبر 2015ء تک سندھ میں 15081 نشستوں اور پنجاب میں 31692 نشستوں پر انتخابات کرائے گئے۔ صوبہ سندھ کی 5000 ان ڈائریکٹ نشستوں پر مئی 2016ء سے جون 2016ء کے درمیان انتخابات کرائے گئے جبکہ اگست 2016ء میں چیئرمین و وائس چیئرمین ‘ میئرز اور ڈپٹی میئرز کے انتخابات کے ساتھ صوبہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تمام مراحل مکمل ہوئے۔

پنجاب میں 20075 ان ڈائریکٹ نشستوں پر نومبر 2016ء میں انتخابات کرائے گئے جبکہ آج پنجاب میں میئرز ‘ ڈپٹی میئرز اور چیئرمین ‘ وائس چیئرمینوں کے انتخابات مکمل ہونے کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن پورے ملک میں انتخابات کے انعقاد کی آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ پورے ملک میں ایک لاکھ 15 ہزار 2 سو بلدیاتی حلقوں میں انتخابات کرائے گئے جبکہ بلوچستان میں 13180 نشستوں پر پہلے ہی 2013ء میں انتخابات کرا لئے گئے تھے۔ …(رانا+ع ع)