غیر سرکاری نتائج کے مطابق نواب بابر خان سیال ضلع اور شیخ نواز بلدیہ جھنگ کے چیئرمین منتخب

جمعرات 22 دسمبر 2016 18:47

جھنگ۔22 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء)ضلع اور بلدیہ جھنگ کے چیئرمین کے لیے وقاص اکرم گروپ نے میدان مارلیا ،غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق نواب بابر خان سیال ضلع اور شیخ نواز اکرم بلدیہ کے چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو ہونے والے الیکشن کے موقع پر سارا دن ہی گہماگہمی رہی ضلع کے چیئرمین کے لیے مسلم لیگ ن کے دو دھڑے ہی آمنے سامنے تھے،وقاص اکرم گروپ کے نواب بابر خان سیال کا مقابلہ حبیب سلطان سے تھا 115 ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا اور نتیجہ بابر خان سیال کے حق میں آیا اور وہ 67 ووٹ حاصل کرکے چیئرمین ضلع جھنگ منتخب ہوئے ان کے مخالف امیدوار حبیب سلطان نے 48 ووٹ حاصل کیے دوسری طرف بلدیہ کے چیئرمین کا نتیجہ بھی وقاص اکرم گروپ کی توقعات کے عین مطابق آیا جہاں شیخ نواز اکرم نے 38 ووحاصل کرکے جیت اپنے نام کر لی بابر خان سیال نے شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے عزم کا اظہا رکیا ہے ۔

(جاری ہے)

شورکوٹ سے کامیاب ہونے والے رفیق آڑھتی ،گڑھ مہاراجہ سے چوہدری محمد اسلم ،اور احمد پورسیال سے پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہونے والے چیئرمین میونسپل کمیٹی رانا توقیر آصف کا تعلق وقاص اکرم گروپ سے ہے جبکہ اٹھارہ ہزاری سے کامیاب ہونے والے حبیب الرحمان چیلہ کو حبیب سلطان گروپ کی حمایت حاصل تھی کامیابی حاصل کرنے والے امیدواروں کے حامی افراد نے جشن بھی منایا ار ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا وقاص اکرم نے اپنے گروپ کی کامیابی کو عوام کی کامیابی قرار دیا ہے ۔ الیکشن کے موقع پر جھنگ پولیس کی طرف سے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات بھی کیے گئے تھے تاہم کسی بھی جگہ پر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔