قیام پاکستان اور اسکے استحکام کیلئے مسیحی برادری کی قربانیوںکو فراموش نہیںکیا جاسکتا،خواجہ سعد رفیق ، کامران مائیکل

پاکستان کا پرچم اقلیتی برادری کے بغیر نامکمل ہے --،کرسمس امن ٹرین کے افتتاح کے موقع پر خطاب

جمعرات 22 دسمبر 2016 18:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2016ء) بلاتفریق رنگ ونسل یہ ہم سب کا پاکستان ہے ، اور اسکے مثبت امیج کو دنیا میں اجاگر کرنے کیلئے وزارت انسانی حقوق اور وزارت ریلوے نے برصغیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کرسمس امن ٹرین کا آغا ز کیا ، ان خیالا ت کا اظہار گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر کامران مائیکل اور وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کرسمس امن ٹرین کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

وفاقی وزیر سینیٹر کامران مائیکل نے کہا کہ کرسمس ٹرین ملک میں رواداری، محبت اور امن کو فروغ دے گی۔ یہ ملک ہم سب کا ہے اور اسکے استحکام اور امن کیلئے ہم ملکر کام کررہے ہیں۔ وزیر ریلوے سعد رفیق اس نے موقع پر کہا کہ آج بر صغیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مذہبی آہنگی کے لئے کرسمس ٹرین چلائی گئی ہے ،مسیحی برادری کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

پاکستان کا پر چم اقلیتی برادری کے بغیر نامکمل ہے مسیحی برادری نے پاکستان کے لئے کئی بڑے کام کیے ہیں۔ پاکستان کا آئین سب کو مساوی مواقع فراہم کرتا ہے۔ ہم بھائی چارے کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے ہیں۔کرسمس امن ٹرین آج شام پشاور پہنچے گی یہ پاکستان کے چھوٹے بڑے شہروں جہلم ، لاہور، ساہیوال، روہڑی ، ٹنڈوآدم ، اور حیدر آباد سے ہوتے ہوئے کراچی پہنچی گی۔واضح رہے اسپیشل ٹرین میں 3گیلرز اور2فلورٹس شامل ہیں جو کہ مذہبی آہنگی اور پاکستان سے محبت کو اجاگر کرتے ہیں۔