ضلع ناظم کوہاٹ کا اجلاسوں میں ضلعی محکموں کے سربراہوں کی غیر حاضری کاسخت نوٹس

جمعرات 22 دسمبر 2016 18:28

پشاور۔22دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء)ضلع ناظم کوہاٹ مولانانیازمحمد نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن میٹنگ میں ضلعی محکموں کے سربراہوں کی غیر حاضری کاسخت نوٹس لیتے ہوئے انہیں متنبہ کیاہے کہ وہ اپنا قبلہ درست کر کے سرکاری فرائض کی بجاآوری میں دلچسپی لیں ورنہ ایکشن کے لئے تیار ہوجائیں۔انہوں نے افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ آئندہ اجلاس میں نمائندوں کو بھیجنے کی بجائے خود آئیںبلا عذر غیر حاضری کسی صورت قبول نہیں ہوگی۔

یہ تنبیہ انہوں نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں کئی محکموں کے سربراہوں نے اپنے ماتحت نمائندے بھیجے تھے جس کا ضلع ناظم نے بہت برا منایا او رافسران کو سخت وارننگ دی۔انہوں نے اس موقع پر بعض محکموں کے افسران کو ضلع بدر کرنے کے لئے متعلقہ اعلیٰ حکام کو خط لکھنے کی بھی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

ضلع ناظم نے کہا کہ وہ یہاں پر جبراًنہیں بیٹھے ہیں بلکہ عوام نے منتخب کر کے بھیجا ہے اس لئے عوام کے حقوق کا پورا پورا تحفظ کریں گے اور انہیں ہر ممکن ریلیف دیں گے۔

انہوں نے محکموں کے حکام سے کہا کہ وہ اپنی ماہانہ کارکردگی رپورٹ باقاعدگی سے بھیجوانے کے ساتھ ساتھ خط و کتابت کے ذریعے معمول کی کارروائی سے بھی باخبر رکھیں۔مولانا نیاز نے واضح کیا کہ وہ سرکاری کام میں ہر گز غیر ضروری مداخلت نہیں کریں گے تاہم کسی محکمے کو ڈسٹرکٹ کونسل کو بائی پاس کرنے بھی نہیں دیںگے کونسل کے علم میںلائے بغیر کو ئی بھی کام غیر قانونی تصور ہو گااور اس کی سزا بھی ملے گی۔