ْفریدہ بہن جی، فیروز خان کا غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

ناقص غذا ،بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث قیدی بیماریوںمیں مبتلا ہو چکے ،طبی سہولیات بھی فراہم نہیں کی جا رہی جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے ،بیان

جمعرات 22 دسمبر 2016 18:24

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فریدہ بہن جی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکہا کہ بھارت نے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کے لیے ان کے خلاف باقاعدہ طور پر ایک جنگ چھیڑ رکھی ہے اور اس وقت ہزاروں کشمیری جھوٹے مقدمات کے تحت مقبوضہ علاقے اور بھارت کی جیلوں میں نظر بند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ناقص غذا اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث اکثر نظر بند مختلف بیماریوںمیں مبتلا ہو چکے ہیں۔ فریدہ بہن جی نے کہا کہ نظر بندوں کو طبی سہولیات بھی فراہم نہیں کی جا رہیں جو انسانی حقوق کی ایک سنگین خلاف ورزی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کو تین ماہ تک جیل میں نظر بند رکھا گیا اور رہائی کے بعد اب انہیں گھر میں نظر بند کیا گیا جو انتہائی قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عبدالغنی گونی، لطیف احمد ، علی محمد کلے، مرزا نثار اور جاوید احمد گزشتہ اکیس برس سے نظر بند ہیں ۔ فریدہ بہن جی نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار کا نوٹس لیتے ہوئے انکی رہائی کے لیے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ دریں اثنا جموںوکشمیر مسلم لیگ نے بھی جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنمائوں اورکارکنوں کی حالت زار پر سخت تشویش ظاہر کی ہے۔

مسلم لیگ کے رہنما جموںفیروز احمد خان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا حریت رہنمائوں، کارکنوں اور عام کشمیری نوجوانوں کو جیلوںاور تفتیشی مراکز میں سخت جسمانی او رذہنی تشدد کا نشانہ بنا یا جاتا ہے حتی ٰ کہ ان سے مشقت اور بیگار تک لے جاتی ہے۔اُنہوںنے کہا کہ سینئر حریت رہنما اور مسلم لیگ جموں کشمیر کے چیئرمین مسرت عالم بٹ 2010سے نظر بند ہیں اور اس وقت وہ اپنے تین ساتھیوں طارق احمد گنائی ،عبدالرشید ڈار اور منظور احمد للہاری سمیت ڈسٹرکٹ جیل کٹھوعہ میںنظر بند ہیں جبکہ تنظیم کے دیگر رہنماء عبدالاحد پرہ، محمد رفیق گنائی،اسداللہ پرئے،محمد رفیق رینہ ،مولوی سجاد احمد، وحید احمد گوجری،وحید احمد پرہ،عطااللہ شاہ،معشوق احمد ملہ ،عاشق حسین ڈاراور محمد حیات بٹ سنٹرل جیل کوٹ بھلوال جموں ، حکیم شوکت احمد ، معراج الدین شیرگجری ا ورظہور احمد کنہ سنٹرل جیل سرینگر جبکہ لطیف احمد کلوڈسٹرکٹ جیل بارہمولہ میں نظر بند ہیں۔

فیروز احمد خان نے مسرت عالم بٹ اور دیگر نظر بندوں کے صبر و استقامت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی نظر بندیوں اور جبر واستبداد کے دیگر ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبایا نہیں جاسکتا۔

متعلقہ عنوان :