4برس سے تنخواہوں سے محروم اساتذہ نے ایئر پورٹ کے خارجی راستے پر کیمپ لگا لیا

ْ روٹی ،کپڑا ،مکان کے فلسفے کے برخلاف کام ہو رہا ہے ،ملازمتیں دینے والے تنخواہ یںبھی دیں کیمپ لگانے کا مقصد آصف زرداری کی توجہ مبذول کروانا ہے ، ابوبکر ابڑو چیئرمین نیو ٹیچرز ایکشن کمیٹی

جمعرات 22 دسمبر 2016 18:22

4برس سے تنخواہوں سے محروم اساتذہ نے ایئر پورٹ کے خارجی راستے پر کیمپ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2016ء) پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری کی کراچی آمد کے موقع پر ان کی توجہ دلانے کیلئے سال2012ء میں محکمہ تعلیم کراچی میں بھرتیوںکے بعد سے اب تک تنخواہو ں سے محروم اساتذہ کی تنظیم نیو ٹیچرز ایکشن کمیٹی نے ایئر پورٹ کے خارجی راستے پر استقبالیہ کیمپ لگایا لیا ہے۔نیو ٹیچرز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ابو بکر ابڑو کے مطابق اسٹا رگیٹ شاہراہ فیصل پر لگائے گئے کیمپ میں کراچی بھر کے تنخواہوں سے محروم سندھی لینگویج ،ڈرائننگ ٹیچرز ،اورینٹل اور پی ٹی آئی ٹیچرز سمیت نان ٹیچنگ اسٹاف کی بڑی تعداد ارباب اقتدار سے تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کرنے کیلئے بیٹھے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ کیمپ لگانے کا مقصد یہ بھی ہے کہ عوام کو معلوم ہو جائے کہ روٹی ،کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والی جماعت پیپلز پارٹی کے دور میں ہی محکمہ تعلیم میں بھرتی ہونیوالے اساتذہ 4سالوں سے زائد عرصے سے تنخواہوں سے محروم ہیں لیکن حکمران اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے تیار نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے گذشتہ دور 2012ء میں تقریبا3ہزار اساتذہ کومحکمہ تعلیم کراچی میں ملازمتیں دی گئی تھیں لیکن بھرتی کے بعد اساتذہ کوایک تنخواہ بھی جاری نہیں کی گئی ۔

نیو ٹیچرز ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ابو بکر ابڑو کا کہنا ہے کہ زبانی کلامی ہماری بھرتیوں کو جعلی یا غیر قانونی قرار دینے کی ناکام کوشش کی گئی۔ انہوں نے پیپلز پارٹی قیادت سے اپیل کی کہ اساتذہ دشمن رویہ ترک کیا جائے اور 4سال سے تنخواہوں سے محروم اساتذہ کو فوری تنخواہیں جاری کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں ۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ کچھ تعلیمی افسران نے جعلی بھرتیاں کیںہو لیکن اسکی سزا سب کو دینا کہاں کا انصاف ہے ،جعلی بھرتیوں میں ملوث افسران تو عیش کر رہے ہیں لیکن ان کے کرتوتوں کا نزلہ اساتذہ پر گرایا جا رہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :