مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے (آج) احتجاجی مظاہروں کی کال ،آسیہ اندرابی کو گھر میں نظربند کردیاگیا

جمعرات 22 دسمبر 2016 18:11

ْسری نگر۔22دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میںمشترکہ حریت قیادت نے غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کے اجراء اور جموںوکشمیر کی خودمختار حیثیت کو چیلنج کے منافی بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف(آج)جمعہ کو پورے مقبوضہ علاقے میں احتجاجی مظاہروں کی کال دی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کااجرااوربھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ کشمیری عوام کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہیں۔

حریت رہنمائوںنے کہاکہ ان اقدامات کا مقصد جموںوکشمیر میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنا ہے۔ جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہاکہ مشترکہ حریت قیادت کی طرف سے جاری احتجاجی کیلنڈر کو عوامی حمایت حاصل ہے کیونکہ ہر ہفتے کیلنڈر کی تیاری کیلئے مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے تمام فریقوں سے مشارت کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق سرینگر کے علاقے کادی کدل گئے اور ہولناک آگ سے جل کر خاکستر ہونیوالے گھروں کے متاثرین سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔ انہوںنے دارلخیر میر واعظ منزل کے کارکنوں کو متاثرین کی ہرممکن مددکی ہدایت کی ۔ادھر ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن میں مجاہدین کی موجودگی کے نام بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروںکی طرف سے کریک ڈائون کے خلاف علاقے میں بھارت مخالف مظاہرے کئے گئے ۔

تاہم لوگوں کے گھروں سے نکل کر احتجاج کرنے پر بھارتی فورسز کو اپنی کارروائی ترک کرنا پڑی ۔ فورسز نے مظاہرین کومنتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی ۔ پولیس نے عوامی اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید کو جموں خطے میں غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کے اجراء کے خلاف مارچ کرنے کی کوشش پر گرفتار کرلیا ۔ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو بڑھانے کی غرض سے عالمی برادری پرزوردینے کیلئے سرینگر میں ہائی کورٹ کی عمارت میں پر امن مظاہرہ کیا۔دریں اثناء انتظامیہ نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کو گھر میں نظربند کردیا ۔ انہیں تقریبا تین ماہ کی غیر قانونی نظربندی کے بعد گزشتہ روز رہا کیا گیا تھا ۔