ڈی ایم سی سائوتھ میں غیر قانونی پارکنگ اور زائد فیس کی وصولی کا نوٹس لیا جائے، جماعت اسلامی

ڈی ایم سی سائوتھ میں 16کے بجائے 80مقامات پر پارکنگ اور 5روپے کے بجائے 20روپے غیر قانونی فیس وصول کی جا رہی ہے، سید عبد الرشید و

جمعرات 22 دسمبر 2016 18:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2016ء) جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے امیر سید عبد الرشید ، منتخب یوسی 6کے چیئرمین فضل الرحمن،وائس چیئرمین فرحان ہنگورو،یوسی 30کے چیئرمین حنیف ملا،ڈسٹرکٹ کونسلر نازیہ عبد الودود اورکلفٹن کنٹونمنٹ میں جماعت اسلامی کے منتخب کونسلر زکر محنتی دیگر نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ڈی ایم سی سائوتھ میں 16مقامات کو چارجزڈ پارکنگ کی منظوری دی گئی ہے لیکن غیر قانونی طور پر 80مقامات پر پارکنگ کی جا رہی ہے جس کے نتیجے میں ضلع جنوبی میں بد ترین ٹریفک جام کے مسائل سے شہریوں کو مشکلات کا سامان کرنا پڑ رہا ہے ، ڈی ای سی سائوتھ کی جانب سے موٹر سائیکل کی پارکنگ فیس 5روپے مختص ہے لیکن پارکنگ مافیا غیر قانونی طور پر سادہ لوح عوام سے پارکنگ فیس کی مد میں 20روپے وصول کر رہی ہے اور یوں غریب شہریوں سے روزانہ لاکھوں روپے بٹورے جا رہے ہیں ، رہنمائوں نے کہا کہ شہریوں سے وصول ہونے والی اس خطیر رقم کا کوئی حساب کتاب نہیں ہے اور نہ ہی یہ رقم حکومت کے خزانے میں جا رہی ہے تاکہ عوام کی فلاح کے لیے استعمال ہو سکے ،رہنمائوں نے کہا کہ غیر قانونی پارکنگ کے نتیجے میں شہریوں زندگی اجیرن بن چکی ہے ، ٹریفک جام اور دھوئیں کے باعث شہریوں جہاں سانس کی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہین وہیں نفسیاتی مسائل کا بھی سامنا ہے ، حکومت کو چاہیے کہ وہ غیر قانونی پارکنگ اور زائد فیس کی وصولی کا نوٹس لے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :