ایگریکلچر سیکٹر ریاستی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ‘ کسانوں کی معاشی حالت کو بہتر بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ‘ریاست میں زراعت کو ترقی دے کر ایک زرعی خطہ بنانا ہے

آزا دکشمیر کے سینئر وزیر ،وزیر زراعت و لائیوسٹاک، ڈیری ڈویلپمنٹ چوہدری طارق فاروق کا جائزہ اجلاس سے خطاب

جمعرات 22 دسمبر 2016 17:48

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 دسمبر2016ء)آزا دکشمیر کے سینئر وزیر ،وزیر زراعت و لائیوسٹاک، ڈیری ڈویلپمنٹ چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ ایگریکلچر سیکٹر ریاستی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ کسانوں کی معاشی حالت کو بہتر بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ریاست میں زراعت کو ترقی دے کر ایک زرعی خطہ بنانا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ زراعت ، لائیوسٹاک اینڈڈیری ڈویلپمنٹ و آبپاشی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت و امور حیوانات ڈاکٹر شہلا وقار ، ڈائریکٹر جنرل زراعت ڈاکٹر محمد بشیر بٹ ، ڈائریکٹر اسماء راجہ طارق مسعود خان ، ڈائریکٹر جنرل امور حیوانات راجہ مطلوب حسین ، ڈائریکٹر تحقیق زراعت خواجہ خورشید احمد ، ڈائریکٹر ایکسٹنشین چوہدری حمید احمد ، ڈپٹی ڈائریکٹر صاحبان و ضلعی آفیسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زرعی سیکٹر کے تمام محکمہ جات کے آفیسران اور کارکنان اپنی تمام کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے زراعت و امور حیوانات کی ترقی میں بھرپور کر دار ادا کریں ۔ محکمہ زراعت و لائیو سٹاک ڈویلپمنٹ ایک پیداواری سیکٹر ہے جو عوام کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ طرز زندگی اور آمدن کے ذریعہ بھی ہے ۔ انہوں نے ناظمین اعلیٰ محکمہ جات اور تمام آفیسران کو سختی سے ہدایات دیں کہ وہ کسانوں سے اپنی رابطہ کاری کو استوار کریں اور جدید زرعی ٹیکنالوجی سے روشناس کروائیں ۔

جائزہ اجلاس کے دوران ترقیاتی منصوبہ جات پر بحث کی گئی اور سینئر وزیر نے فردا فردا تمام اضلاع سے ان کی کارکردگی کے بارے میں سوالات کیے اور انھیں کام کو بہتر بنانے کے لیے ہدایات جاری کیں۔ ٹنل فارمنگ کے فروغ کے لیے مزید اقدامات پر زور دیا گیا کیونکہ دنیا بھر میں پلاسٹک ٹنل فارمنگ سبزیات کی کاشت کرنے کا ایک منافع بخش اور اہم ذریعہ ہے ۔

انہوںں نے زراعت و لائیوسٹاک و آبپاشی کے آفیسران کو مزید ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت فوری طور پر بنجر زمینوں کو زرخیز بنانے اور زمینی کٹائو سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کرے ۔ محکمہ زراعت و لائیو سٹاک میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اور با صلاحیت آفیسران موجود ہیں ان میں زراعت و لائیوسٹاک کو فروغ دینے کی بھر پور استعداد موجود ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کی اولین ترجیح آزاد کشمیر کو سرسبز اور زرعی ریاست بنانا ہے اس کے لیے حکومت آزاد کشمیر تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے گرین سیکٹر کی ترقی کے لیے ہر قسم کی سہولیات بہم پہنچائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کی اولین ترجیح ہارٹیکلچر کو فروغ دے کر ریاست کو پھلوں اور سبزیات کی پیداوار کے اعتبار سے مثالی ریاست بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام حکومتی مشینری کو وزیر اعظم کے ویژن کو عملی اقدامات دینے کیلئے اپنی توانائیاں بھر پور انداز میں صرف کرنا ہوں گی ۔