بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلہ میں بھی کامیابی پر عوام کا لیگی قیادت کی پالیسیوں اورترقیاتی کاموں پراعتماد کا اظہار ہے‘پرویز ملک

کام نہ کرنے اور دھرنا سیاست والوں کو اپنی مقبولیت کا اندازہ ہوجانا چاہیے یہ 2018 ء کے الیکشن کاٹریلر ہے ‘رکن پنجاب اسمبلی

جمعرات 22 دسمبر 2016 17:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ارکان اسمبلی و رہنماؤں نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلہ میں بھی عوام نے لیگی قیادت کی پالیسیوں اورترقیاتی کاموں پر اطمینان اور اعتماد کا اظہار،مخالفین کو پھر رسوائی کا سامنا،یہ 2018 ء الیکشن کاٹریلر ہے، کام نہ کرنے اور دھرنا سیاست والوں کو اپنی مقبولیت کا اندازہ ہوجانا چاہیے۔

گذشتہ روزپاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر محمد پرویزملک ارکان اسمبلی ملک چوہدری محمد شہباز ، رمضان صدیق بھٹی،غزالی سلیم بٹ،سید توصف شاہ،سمیت دیگر نے بلدیاتی انتخابات کے نتائج پراپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض مستقبل کے وزیر اعظم بننے کا خواب دیکھنے والے ننھے منھے اور خان سیاستدانوں کو بھی بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے اپنی سیاسی حیثیت کا اندازہ ہو جانا چاہیے،انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے آخری مرحلہ کے نتائج سے ملکی سیاست نے ایک نئی سمت اختیار کی ہے۔

(جاری ہے)

غیروں کے ایجنڈے پر کام کرنے اور ملک میں سیاسی انتشار پھیلانے والوں کا سیاسی مستقبل تاریک ہوچکا ہے،اور قوم نے ان پر ایک مرتبہ پھر عدم اعتماد کا اظہار کیاہے۔ ،انہوں نے کہا کہ سچی اور کھری سیاست نے جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست کو ہر موقع پر شکست دی ہے،اور قوم کو تقسیم کرنے والے شکست خوردہ عناصر خود تقسیم ہو گئے ہیں عوام جانتے ہیں کہ انتشار اور افراتفری کی سیاست کون کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ منفی سیاست کرنے اور ملک میں افراتفری پھیلانے والوں کو پے در پے شکستوں سے سبق حاصل کرنا چاہیے،الزام تراشی کی سیاست کی خدمت اور شفافیت کے سامنے کوئی حیثیت نہیں۔