آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی او خوشحالی یکساں طور پر عزیز ہے ،راجہ محمد فاروق حیدر

گلگت بلتستان کے عوام نے مسئلہ کشمیر کی وجہ سے کافی مشکلات جھیلیں،آزادکشمیر سے زیادہ بااختیار اسی طرز کا سیٹ اپ وہاںکے عوام کا حق ہے ، وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعرات 22 دسمبر 2016 16:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2016ء) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کی ترقی او خوشخالی یکساں طور پر عزیز ہے گلگت بلتستان کے عوام نے مسئلہ کشمیر کی وجہ سے کافی مشکلات جھیلی وہاں آزادکشمیر سے زیادہ بااختیار اسی طرز کا سیٹ اپ وہاںکے عوام کا حق ہے دونوں خطوں کے عوام تاریخی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں آزادکشمیر کا ہر شہری بلاتخصیص گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ محبت و عقیدت رکھتا ہے میاں محمد نواز شریف دونوں خطوں سمیت پاکستان بھر کی ترقی اور خوشحالی کے لیئے قابل عمل منصوبوں پر عمل پیرا ہیں دونوں خطوں کے عوام نے ان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین سعید افضل سے ملاقات کے دوران کیا اس موقع پر ممبر گلگت بلتستان اشرف فدا بھی موجود تھے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے عوام کے درمیان رابطے مزید بڑھانے کے لیئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے مسلم لیگ ن کی دونوں خطوں کے اندر حکومت قائم ہے جس سے عوام کے درمیان بھی دوریاں دور ہوئیں اور ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع ملا ہے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر جیسا بلکہ اس سے زیادہ بااختیار سیٹ اپ گلگت بلتستان کے عوام کا بنیادی حق ہے آزادکشمیر کی کسی سیاسی جماعت نے گلگت بلتستان کے حقوق کی مخالفت نہیں کی ہم دل و جان سے گلگت بلتستان والوں کے ساتھ ہیں ۔