ملک بھر میں مسیحی برادری 25 دسمبر کو کرسمس کا تہوار مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منائے گی

جمعرات 22 دسمبر 2016 16:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں مسیحی برادری 25 دسمبر کو کرسمس کا تہوار مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منائے گی۔ گرجا گھروں اور مسیحی بستیوں میں کرسمس کی خصوصی تقریبات منعقد ہوں گی اور ملکی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

مسیحی برادری حضرت عیسیٰؑ کے یوم ولادت کے سلسلہ میں ہر سال 25 دسمبر کو کرسمس کا تہوار مناتی ہے جو ولادت عیسیٰؑ کے حوالے سے خوشی اور امن کے پیغام کے طور پر منایا جاتا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی مسیحی بستیوں اور گرجا گھروں میں خصوصی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اور کرسمس ٹریز سجائے جا رہے ہیں۔ کرسمس کے دن کی مناسبت سے سروس گیتوں کی ریہرسل شروع ہو چکی ہے جبکہ سانتا کلاز کا روپ دھارے کردار مسیحی بستیوں میں بچوں میں تحائف اور مٹھائیاں تقسیم کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تجارتی مراکز میں کرسمس کے حوالے سے تحائف کی خریدوفروخت اور بیکریوں پر کرسمس کیک کی بکنگ اور تیاری کا کام زور پکڑ گیا ہے جبکہ مختلف ہوٹلوں میں کرسمس کی تقریبات کا انعقاد شروع ہو گیا ہے جس میں مختلف تنظیموں کی طرف سے مختلف مذاہب کے لوگوں کو مدعو کر کے بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام عام کیا جا رہا ہے۔ کرسمس کے حوالے سے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس نے سیکورٹی کے خصوصی پلان تشکیل دے دیئے ہیں اور گرجا گھروں اور اس کی طرف آنے والے راستوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ واک تھرو گیٹس کی ضروری مرمت اور چیکنگ کی جا رہی ہے جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی متحرک رکھا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :