وفاقی حکومت سی پیک کے ہر مرحلے پر صوبائی حکومتوں کو ساتھ لے کر منصوبے کی کامیابی یقینی بنانا چاہتی ہے

سی پیک میں نئے منصوبوں کی شمولیت سے ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے، ہمیں سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہوکر سی پیک کو کامیاب بنانا ہے،صوبوں اور وفاق نے متحد ہوکر جے سی سی میں پاکستان کا مقدمہ موثر انداز میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے،احسن اقبال ْوفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں خیبر پختونخوا کے گورنر و وزیر اعلی، گلگت بلتستان کے وزیر اعلی،وزیر ٹرانسپورٹ سندھ،پنجاب اور آزاد کشمیر کے وزراء منصوبہ بندی نے شرکت کی

جمعرات 22 دسمبر 2016 16:05

وفاقی حکومت سی پیک کے ہر مرحلے پر صوبائی حکومتوں کو ساتھ لے کر منصوبے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 دسمبر2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و اصلاحات احسن اقبال کی زیر صدارت سی پیک کے بارے میں جوائنٹ کوآپریشن کمیٹی (جے سی سی) کے اجلاس میں شرکت کے حوالے سے پہلا مشاورتی اجلاس جمعرات کو پلاننگ کمیشن میں منعقد ہوا۔ جے سی سی کا اجلاس 29 دسمبر کو چین میں ہوگا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمان اور گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک ایک حکومت یا صوبے کا منصوبہ نہیں بلکہ پورے ملک کا منصوبہ ہے، ہم سب کو مل کر اس منصوبے کو کامیاب کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر اس منصوبے کے خلاف تمام سازشوںکا مقابلہ کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ تقدیر بدلنے کا منصوبہ ہے جس سے پورے ملک کو فائدہ ہو گا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ جے سی سی کے بارے میں مشاورتی اجلاس میں تمام صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے جے سی سی کے ایجنڈے کا جائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں صوبائی حکومتوں کی جانب سے پیش کردہ مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔ صوبوں اور وفاق نے متحد ہوکر جے سی سی میں پاکستان کا مقدمہ موثر انداز میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک میں نئے منصوبوں کی شمولیت سے ترقی کے نئے دروازے کھلیں گے۔ ہمیں سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہوکر سی پیک کو کامیاب بنانا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت سی پیک کے ہر مرحلے پر صوبائی حکومتوں کو ساتھ لے کر منصوبے کی کامیابی یقینی بنانا چاہتی ہے۔ اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے لئے نہیں بلکہ پورے خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا میں سی پیک کے تحت منصوبوں سے خطے کی تقدیر بدلے گی۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بیجنگ میں آئندہ ہفتہ منعقد ہونے والے جے سی سی کے اہم اجلاس میں شرکت کیلئے تمام وزرائے اعلیٰ کو دعوت دی ہے۔

انشاء الله جے سی سی کے اجلاس میں پوری تیاری کے ساتھ شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ آج کے اجلاس میں صوبہ خیبر پختونخوا کے مختلف منصوبوں کے سی پیک میں شمولیت پر تجاویز پیش کی ہیں۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے کہا کہ سی پیک پورے ملک میں ترقی کیلئے ایجنڈا فراہم کرتا ہے۔ پوری قوم ترقی کے اس اہم منصوبے کی تکمیل کے لئے متحد ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کیلئے مختلف فورمز پر مشاورت کا عمل خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نے پورے پاکستان کو جوڑ دیا ہے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سی پیک کی اونر شپ لیتی ہے، سی پیک پورے ملک کا منصوبہ ہے۔ وفاق نے سندھ کے دو منصوبوں کراچی سرکلر ریلوے اور کیٹی بندر پورٹ کو سی پیک میں شامل کرنے کی منظوری دی ہے جس پر ہم وفاق کے شکر گذار ہیں۔

صوبائی وزیر منصوبہ بندی پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب سی پیک کے تحت روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت صنعتی شعبے کی ترقی کیلئے مختلف صنعتی زونزکی تجاویز پیش کی ہیں۔ وزیر منصوبہ بندی آزاد کشمیر نے کہا کہ سی پیک کا منصوبہ ملک کے طول و عرض میں ترقی و خوشحالی کا ضامن ہوگا۔ آزاد کشمیر میں سی پیک منصوبے سے استفادہ کیلئے منصوبوں کی شمولیت پر وفاق کے شکر گزار ہیں۔