حکومت ریاستی اداروں میں اصلاحات کے ذریعے سماجی استحکام اور گڈ گورننس کو فروغ دینے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے ‘ حکومتی اقدامات کو پارلیمانی پارٹی ، کابینہ ، انصاف پسند عوام اور سیاسی جماعتوں کی مکمل تائید حاصل ہے‘سیاسی مخالفین حکومتی اقدامات سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر انصاف اور اصولوں پر کیے گئے اقدامات کو بلاوجہ تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں

ترجمان وزیر اعظم ہائوس آزاد کشمیر کا بیان

جمعرات 22 دسمبر 2016 14:53

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 دسمبر2016ء) ترجمان وزیر اعظم ہائوس آزاد کشمیر نے کہا ہے کہ حکومت ریاستی اداروں میں اصلاحات کے ذریعے سماجی استحکام اور گڈ گورننس کو فروغ دینے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے ۔ حکومتی اقدامات کو پارلیمانی پارٹی ، کابینہ ، انصاف پسند عوام اور سیاسی جماعتوں کی مکمل تائید حاصل ہے۔سیاسی مخالفین حکومتی اقدامات سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر انصاف اور اصولوں پر کیے گئے اقدامات کو بلاوجہ تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔

وزیر اعظم ہائوس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ترجمان نے کہا کہ موجود ہ حکومت آزاد کشمیر میں آئینی ،قانونی اور انتظامی اداروں کو اس شکل میں ترتیب دینا چاہتی ہے جس سے معاشرے کا مجموعی اعتماد ان پر بحال ہو جن میں سر فہرست میرٹ پر پبلک سروس کمیشن کا قیام ، NTSکا نفاذ ،بہتر اور معیاری تعلیم کے علاوہ تعلیمی پیکج کی منسوخی،میرٹ کے قیام کے ذریعے آزاد کشمیر بھر کے لوگوں کو بالخصوص پڑھے لکھے نوجوانوں کو برابری کی بنیاد پر ترقی و روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق پیپلز پارٹی و دیگر جماعتوں کے زعماء کو شرم آنی چاہیے کہ بجائے اس کے وہ ایسے تاریخ ساز اقدامات جن پر معاشرے کی غالب اکثریت نے بغیر کسی سیاسی تفریق کے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حمایت کی وہ صرف رجعت پسندی کاثبوت دیتے ہوئے شاہ سے زیادہ شاہ کی وفاداری میں عوام دشمنی پراترآئے ہیں۔ کرپشن کے علمبرداروں کو شفافیت اور صاف ستھرا نظام ہضم نہیں ہو رہا ،ذاتی مفادات کی خاطر عوام دشمنی کرنے والوں کو ناکامی ہوگی ۔

ترجمان کے مطابق مہذب معاشرے میں عوامی رائے عامہ اور مفادات کے خلاف بیان بازی کرنے والوں کو سیاست کو خیر آباد کہنا پڑتا ہے انہی وجوہات کی بنیاد پر عوام نے 19جولائی کو انہیں ووٹ کی پرچی سے مسترد کرتے ہوئے اپنا فیصلہ سنایا تھا ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمدفارو ق حیدر خان کی قیادت میں قائم مسلم لیگ ن کی حکومت ، کابینہ ، پارلیمانی پارٹی ، جماعتی تنظیم حکومت کے تین بنیادی ا ہداف تحریک آزاد کشمیر ، گڈ گورننس کے قیام ، ریاست بھر کے اندر بلا تخصیص تعمیر و ترقی پر متفق ہے اور ان اہداف کو بہر صورت حاصل کرنے کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔