آصف زرداری تقریباً ڈیڑھ سال کے بعد کل خصوصی طیارے کے ذریعے دبئی سے کراچی پہنچیں گے ،جلسے سے خطاب بھی کرینگے

سابق صدر گزشتہ سال 25جو ن کو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اچانک دبئی روانہ ہو ئے تھے ،بیرون ملک قیام کے دوران لندن ‘ امریکہ بھی گئے

جمعرات 22 دسمبر 2016 12:54

آصف زرداری تقریباً ڈیڑھ سال کے بعد کل خصوصی طیارے کے ذریعے دبئی سے کراچی ..
․کراچی /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 دسمبر2016ء) سابق صدر مملکت آصف علی زرداری تقریباً ڈیڑھ سال کے بعد کل ( جمعہ) کو خصوصی طیارے کے ذریعے دبئی سے کراچی پہنچیں گے ، پیپلز پارٹی نے آصف زرداری کے پرتپاک استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں جبکہ اس موقع پر سکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔آصف علی زرداری 25جون2015ء کو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اچانک دبئی روانہ ہو ئے تھے اور بیرون ملک طویل قیام کے دوران وہ لندن اور امریکہ بھی گئے ۔

پیپلز پارٹی کی طرف سے آصف علی بزرداری کی گزشتہ سال محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر واپسی کا اعلان کیا گیا لیکن بعد ازاں واپسی کو موخر کر دیا گیا اوراب تقریباً ڈیڑھ سال کے عرصہ کے بعد آصف زرداری آج جمعہ کے روز خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی ائیر پورٹ کے اولڈ ٹرمینل پر اتریں گے جہاں پر پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے ہمراہ مرکزی و صوبائی رہنما ان کا استقبال کریں گے۔

(جاری ہے)

پنجاب سمیت ملک بھر سے پارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنما آصف علی زرداری کے استقبال کیلئے کراچی پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔آصف علی زرداری آج جمعہ کو وطن واپسی کے بعد اولڈ ٹرمینل سے ملحقہ شاہراہ پر جلسے سے خطاب بھی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری 27دسمبر کو محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کی تقریب میں شرکت کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق حکومت بظاہر پیپلز پارٹی کی قیادت کی طرف سے 27دسمبر کو کسی بھی متوقع اعلان سے خوفزدہ نظر نہیں آتی لیکن آصف علی زرداری کی وطن واپسی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا باریک بینی سے جائزہ لینے کیلئے مکمل تیار ی کئے ہوئے اور ا س کے بعد ہی آئندہ کی منصوبہ بندی کاآغازکیا جائے گا۔