سپریم کورٹ نے سپرماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق درخواست پر رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کو 9جنوری کو کیس مقرر کرنے ‘ایک ہفتے میں کیس کافیصلہ کرنے کا حکم

جمعرات 22 دسمبر 2016 12:38

سپریم کورٹ نے سپرماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق درخواست ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 دسمبر2016ء) سپریم کورٹ نے سپرماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق درخواست پر رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کو 9جنوری کو کیس مقرر کرنے اور ایک ہفتے کے دوران فیصلہ کرنے کا حکم دیدیا۔جمعرات کو سپریم کورٹ کے جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے ماڈل ایان علی کی جلدسماعت کی درخواست کی سماعت کی۔

ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ کے جج نے بڑا خوبصورت فیصلہ لکھا ہے۔جج نے لکھا وزیر داخلہ نے ساری طاقت ایک خاتون کو روکنے میں صرف کی ، وزیرداخلہ یہ انرجی دہشت گردی کے خلاف استعمال کرتے تو مثبت نتائج نکلتے۔جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ جب تک ہائیکورٹ کا فیصلہ نہیں آتا ،کیس آگے نہیں چلاسکتے۔

(جاری ہے)

ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو باہر جانیدیا گیاجبکہ میری موکلہ ایان علی کو کورٹ کے حکم باوجود باہر جانے سے روکا گیا۔جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ عدلیہ آزاد ہے ، ضمیر کے مطابق فیصلے کرتے ہیں، ہم کسی کے کہنے یا دبائو پر فیصلہ نہیں کرتے۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ میری موکلہ ایان علی کو پونے دو سال سے جکڑا ہوا ہے ، جب کیس آپ کے پاس پہلے آیا تھا تو آپ ہی نے کہا تھا کہ فیصلہ سپریم کورٹ نے کرنا ہے۔عدالت نے ہدایت کی کہ سندھ ہائیکورٹ 9جنوری سے شروع ہونے والے ہفتے میں ایان کی درخواست پر فیصلہ کرے۔