عربی بولنے پر یوٹیوب بلاگر اسٹار کو ساتھی سمیت پرواز سے آف لوڈ کر دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 22 دسمبر 2016 12:04

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 دسمبر 2016ء): عربی بولنے پر یوٹیوب بلاگر اسٹار آدم صالح کو پرواز سے ساتھی سمیت آف لوڈ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق آدم صالح پرواز سے قبل طیارے میں ٹیلی فون پر اپنی والدہ سے عربی زبان میں بات کر رہے تھے کہ انہیں جہاز سے اترنے کی ہدایت کی گئی جس پر آدم صالح برہم ہو گئے ۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ویڈیو میں آدم صالح نے بتایا کہ انہیں محض ایک مختلف زبان بولنے پر اپنے دوست سمیت ڈیلٹا پرواز سے اُتر جانے کی ہدایت کی گئی ۔

ویڈیو میں آدم صالح کا کہنا تھا کہ یہ کس قسم کا سلوک ہے ، کیا یہ 2016ء ہے؟ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق صالح کے عربی بولنے کے بعد جہاز میں موجود مسافروں نے شکایت کی کہ انہیں عربی سننے کے بعد بے چینی ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

جس کے بعد فلائٹ اٹینڈنٹ صالح اور ان کے دوست کو پرواز سے اُتر جانے کی ہدایت کرنے آئے ۔ ٹھیک تب ہی صالح نے یہ ویڈیو بنائی جس میں کچھ مسافر صالح کے حق میں بول رہے ہیں جب کہ کچھ نے تو انہیں خدا حافظ تک کہہ دیا۔

طیارے سے اترنے کے بعد مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں آدم صالح نے اس تمام تر واقعہ کی ویڈیو اپ لوڈ کی جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ۔ سوشل میڈیا صارفین نے امتیازی سلوک پر ائی لائن اور عملے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ۔ تاہم ائیر لائن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔