سعودی فورسزنے یمنی باغیوں کا سرحد پار سے حملہ ناکام بنا دیا

جھڑپ میںمتعددیمنی جنگجو ہلاک اور زخمی ، جوابی کارروائی میں دشمن کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچا ، سعودی حکام

جمعرات 22 دسمبر 2016 11:48

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 دسمبر2016ء) سعودی عرب کی جوائنٹ فورسز نے ساحلی علاقے نجران میں مرکز سقام کے قریب سرحد پار سے یمنی باغیوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔ یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں اور سابق صدرعلی عبد اللہ صالح کے وفاداروں نے سعودی عرب میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی مگر سیکیورٹی فورسز نے فوری اور موثر جوابی کارروائی کے دوران دشمن کو بھگا دیا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی فوج اور یمنی باغیوں کے درمیان جھڑپ تین گھنٹے تک جاری رہی۔

(جاری ہے)

سرحد پر تعینات سعودی فورسز نے مانیٹرنگ کے دوران پتا چلایا کہ یمنی باغی دہشت گرد سعودی عرب کی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس پر سعودی عرب کے اپاچی ہیلی کاپٹر اور توپیں فوری حرکت میں آئیں اور یمنی باغیوں کو سرحد عبورکرنے سے قبل ہی بھاگ جانے پر مجبور کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جوابی کارروائی میں دشمن کو بھاری جانی اور مالی نقصان بھی پہنچا ہے۔’العربیہ‘ کے ذرائع کے مطابق جھڑپ میں دسیوں یمنی جنگجو ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں ایک اہم حوثی کمانڈر بھی شامل ہے۔ گولہ باری سے یمنی باغیوں کے راکٹ لانچنگ اڈے اور اسلحہ وگولہ بارود بھی تباہ کردیا گیا۔