تاجروں کو درپیش مسائل حل کرانے کے لیے وزارتوں اور اعلیٰ حکام سے رابطہ کریں گے،سردار ایاز صادق

بدھ 21 دسمبر 2016 23:42

لاہور۔21 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 دسمبر2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ وہ تاجروں کو درپیش مسائل حل کرانے کے لیے وزارتوں اور اعلیٰ حکام سے رابطہ کریں گے، تاجر برادری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اسے بہترین کاروباری ماحول فراہم کرنا حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان کی سربراہی میں لاہور چیمبر کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفد کے دیگر اراکین میں تنویر احمد، شیخ محمد ابراہیم، عدنان خالد بٹ، میاں عبدالرزاق، میاں زاہد جاوید، طارق محمود، چودھری خادم حسین، معظم رشید، میاں محمد نواز، علی حسام اصغر، شاہد نذیر، ارشد بیگ اور مقصود بٹ شامل تھے، ایم این اے پرویز ملک نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نے وفد کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سٹینڈنگ کمیٹیوں سمیت تمام فورمز پر تاجروں کے مسائل کو اٴْجاگر کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اکنامک کاریڈور صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ پورے خطے میں ترقی و خوشحالی لائے گا۔ لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط نے کہا کہ انڈسٹریل پالیسی کا تعلق وفاق سے اور اس کا نفاذ پورے ملک میں یکساں ہونا چاہیے۔ انہوں نے پنجاب اور دیگر صوبوں کے درمیان گیس کی قیمتوں میں فرق ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی متحمل نہیں ہوسکتی لہذا اس پر بھی نظر ثانی کرنے کی جانی چاہئے۔

لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ اس وقت صنعتوں کو نئے گیس کنکشن کی فراہمی پر پابندی ہے ، صنعت سازی کو وسعت دینے کے لیے ضروری ہے کہ یہ پابندی ہٹائی جا نی چاہئے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ لاہور میں ٹریفک کا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں، پارکنگ پلازے بناکر ٹریفک کا نظام خاصی حد تک بہتر کیا جاسکتا ہے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر نے احتجاج کے نام پر سڑکوں پر قبضہ جمانے کے لیے قانون پر انتہائی موثر طریقے سے عمل درآمد کرانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

متعلقہ عنوان :