طارق سلطان مرحوم نے محنت اور دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دئیے، اکنامکس کے ماہر استاد تھے، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب محمد جہانزیب کا تعزیتی ریفرنس سیشن سے خطاب

بدھ 21 دسمبر 2016 23:42

لاہور۔21 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 دسمبر2016ء) محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب کی جانب سے سابق چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ طارق سلطان (مرحوم) کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سیشن کا انعقادمحکمہ پی اینڈ ڈی کمپلیکس لاہور میں کیا گیا۔تعزیتی ریفرنس میں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب محمد جہانزیب خان سمیت سابقہ چیئرمین پی اینڈ ڈی سلمان غنی، ہمایوں فرشوری، صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو، مرحوم چیئرمین کے صاحبزادے عثمان طارق سلطان، ممبران پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سینئر چیفس و چیفس ڈویلپمنٹ سیکٹرز، ایڈیشنل سیکرٹری پی اینڈ ڈی ڈاکٹر شاہد عادل، چیف اکانومسٹ پی اینڈ ڈی ڈاکٹر امان اللہ، ڈائریکٹر (PERI) ڈاکٹر ممتاز، محکمہ پی اینڈ ڈی کے دیگر انتظامیہ افسران اور مرحوم چیئرمین کے لواحقین نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

تعزیتی ریفرنس سیشن کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب محمد جہانزیب خان نے مرحوم طارق سلطان کی حکومتی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور مرحوم کے لواحقین کا محکمہ پی اینڈ ڈی میں منعقد ہ تعزیتی ریفرنس میں ایصال ثواب کی محفل میں بھرپور شرکت پر ان کا دل سے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پی اینڈ ڈی نے اپنی مرحوم کے ساتھ طویل وابستگی کے بارے میں ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ 1994 میں طارق سلطان مرحوم صوبہ پنجاب میں سیکرٹری فنانس کے عہدے پر تعینات تھے اور میری وابستگی ان کے ساتھ گزشتہ 22 سال سے تھی۔

طارق سلطان مرحوم سول سروس اکیڈمی اولڈ سکول کے بڑے نمایاں فوٹو ٹائپ امیج تھے۔ اکنامکس مضمون کے ماہر استاد تھے۔ اکنامک ڈویلپمنٹ پر خاصی گرفت رکھتے تھے۔ انتہائی خوش لباس اور کم گوکے مالک تھے۔ انہوں نے اپنی سروس کے دوران بڑی لگن ، محنت اور دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دئیے۔ مرحوم نے بڑے بڑے سرکاری ملازمین کو اپنی خصوصی مہارت کے ساتھ تربیت دی۔

تعزیتی ریفرنس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو نے مرحوم سابق چیئرمین پی اینڈ ڈی طارق سلطان کی عملی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ مرحوم نے اپنے کیرئیر کا آغاز گورنمنٹ کالج لاہور میں ایک لیکچرار اکنامکس کی حیثیت سے کیا بعد ازاں مرحوم نے سول سروس کا امتحان پاس کر کے سول سروس پاکستان میں شمولیت اختیار کر لی۔ وہ صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں ڈویژنل کمشنرکی حیثیت سے تعینات رہے۔

انہوں نے چیئرمین پنجاب بنک اور چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن کے فرائض بھی انجام دئیے۔ سابق چیئرمین پی اینڈ ڈی ہمایوں فرشوری نے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کے دوران بتایا کہ مرحوم 1973 میں ہمیں سول سروس اکیڈمی لاہور میں مائیکرو اکنامکس پر خصوصی لیکچر دیا کرتے تھے وہ انتہائی مخلص ، سادہ اور سٹیل کی طرح تھے۔ سرکاری ملازمین کے علاوہ عام لوگوں کیلئے ان کے دفتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے رہتے تھے۔

لوگ ان سے بہترین رہنمائی کیلئے ان کے دفتر کے چکر لگاتے تھے وہ استاد کے طور پر ایک بہترین ذہین اعلیٰ استاد تھے۔ سابق چیئرمین پی اینڈ ڈی سلمان غنی نے مرحوم طارق سلطان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا مرحوم کے ساتھ نوجوانی کے زمانے کا گہرا خاندانی تعلق تھا۔ سلمان غنی جب 15 سال کے تھے تو وہ پنجاب کرکٹ کلب لاہور میں کرکٹ کی تربیت کیلئے مرحوم طارق سلطان کے پاس جاتے تھے۔

مرحوم اس زمانے میں پنجاب کرکٹ کلب کے سینئر ممبر تعینات تھے۔ چیئرمین سلمان غنی نے مزید کہا کہ مرحوم طارق سلطان ایک حادثاتی بیورو کریٹ تھے لیکن وہ افسر کم ایک بہترین ذہین ماہر استاد تھے۔ وہ ایک اچھے استاد کی حیثیت سے بڑی فراخدلی کے ساتھ دوسروں کو علم سکھاتے تھے۔ دلائل کی بات کو بڑا وزن دیتے تھے۔ تعزیتی ریفرنس سے مرحوم کے بیٹے عثمان طارق سلطان، مرحوم کے چھوٹے بھائی ممبر پی اینڈ ڈی خالد سلطان نے بھی خطاب کیا۔ تعزیتی ریفرنس کے اختتام پر مرحوم طارق سلطان کے ایصال ثواب اور بلند درجات کیلئے مشترکہ طور پر دعائے مغفرت کی گئی۔

متعلقہ عنوان :