مسیحی قیدیوں کی سزا میں تخفیف اور مخیر حضرات کے ذریعے جرمانوں کی ادائیگی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، وزیر اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو کاسینٹرل جیل میں تقریب سے خطاب

بدھ 21 دسمبر 2016 23:41

لاہور۔21 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ کرسمس کسی مذہب اور رنگ و نسل کی تمیز کے بغیر امن اور سلامتی کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کا درس دیتا ہے ۔ کسی جرم کی پاداش میں قید کاٹنے والے افراد کا بھی کرسمس کی خوشیوں پر پورا حق ہے ، مسیحی قیدیوں کی سزا میں تخفیف اور مخیر حضرات کے ذریعے جرمانوں کی ادائیگی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے ۔

اُنہوں نے یہ بات سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں مسیحی قیدیوں میں کرسمس گفٹس ،مٹھائی کی تقسیم اور کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب اور موقعے پر موجود میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر ، ایم پی اے شہزاد منشی ، ڈپٹی آئی جی جیل خانہ جات ملک مبشر احمد خان ، سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل اعجاز اصغر، مشیر برائے وزیر اقلیتی امو ر خواجہ اسد اعجاز منا کے علاوہ مسیحی قیدیوں ، جیل سٹاف اور میڈیا کے نمائندے اس موقعے پر موجود تھے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ نفرت جرم سے ہونی چاہیے انسان سے نہیں کیونکہ غلطیاں تمام انسانوں سے ہوتی ہیں ۔

(جاری ہے)

جیل کے اسیران کو کرسمس کی خوشیوں میں شامل کیا جانا چاہیے کیونکہ اصلاح کے ذریعے وہ معاشرے کا مفید اور مثبت شہر ی بنا کر پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے جیل اصلاحات کے ذریعے قیدیوں کو فنی تربیت کی فراہمی کے علاوہ اُن کی تعلیم و تدریس اور ووکیشنل ٹریننگ کا بھی اہتمام کیا ہے تا کہ وہ رہائی کے بعد روزگار کمانے کے لائق ہو سکیں ۔

آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے اس موقع پر سینٹرل جیل میں قیدیوں کو دی جانے والی سہولیات اور اصلاحی پروگرام سے آگاہ کیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق قیدیوں کی فلاح و بہبود اور اُنہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کے لیے دوررس اقدامات کیے گئے ہیں جن میں میڈیکل سہولیات ، فلٹریشن پلانٹ ، کھانے کے مینو میں بہتری ، پی سی اوز کا قیام اور اپیلوں کی بر وقت سنوائی کے علاوہ ڈیٹا کی مکمل کمپیوٹرائزیشن وغیرہ شامل ہیں۔

تقریب سے ڈپٹی آئی جیل خانہ جات ملک مبشر احمد خان اور سپرنٹنڈنٹ جیل اعجاز اصغر نے بھی خطاب کیا۔ وزیر اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے جیل کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا اُنہوں نے جیل میں قید مسیحی خواتین کو فراہم کی جانے والی ووکیشنل ٹریننگ کے اقدامات کو بھی سراہا۔

متعلقہ عنوان :