چوہدری نثار اگر کرپشن ختم کرنے میں سنجیدہ ہیںتو پیپلز پارٹی سمیت حکومتی صفوںمیں سے بھی کرپٹ عناصر کو بھی بے نقاب کریں،امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد

بدھ 21 دسمبر 2016 23:29

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 دسمبر2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے وزیر داخلہ چوہدری نثار کی جانب سے سابق دور حکومت میں خانانی اینڈکالیا کے ذریعے منی لانڈرنگ کرنے والوں کے بارے میں دو ہفتوںبعد انکشاف کرنے کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوہدری نثار پہلے بھی اس قسم کے اعلانات کرچکے ہیں مگر کبھی بھی انہوں نے اپنے اعلانات کوعملی جامہ نہیں پہنایا۔

چوہدری نثار اگر کرپشن ختم کرنے میں سنجیدہ ہیںتو پیپلز پارٹی سمیت حکومتی صفوںمیں سے بھی کرپٹ عناصر کو بھی بے نقاب کریں۔ملک میں پہلے ہی کرپشن کی انتہا ہو چکی ہے ۔منافع بخش ادارے قومی خزانے پر بوجھ بن چکے ہیں۔ جنرل (ر)پرویز مشر ف کے حالیہ انٹرویو نے تو ایک نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے ۔

(جاری ہے)

مشرف کا انٹرویو حکومت اور دیگر اداروں کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے ۔

ڈیل کی باتیں سامنے آرہی ہیں اس حوالے سے بھی حقائق بے نقاب کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے لئے مشکلات دن بدن بڑھتی چلی جا رہی ہیں۔ساڈھے تین برس میں عوام کو مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں ملا۔انہو ں نے کہا کہ شدید سردی میں گیس مکمل طور پر غائب اور بجلی کی آنکھ مچولی میں اضافے سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔لوگ سراپااحتجاج ہیںلیکن اس کے باوجود حکومت ٹس سے مس نہیں ہورہی ہے۔

گیس اور بجلی کی غیراعلانیہ کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ تشویش ناک ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت غیر ضروری اور نمائشی ترقیاتی اقدامات پر اربوں روپے خرچ کرنے کی بجائے عوامی مسائل کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے ۔انہوںنے کہا کہ اورنج ٹرین ایک اچھا منصوبہ ہے مگر ملتان روڈ پر جگہ جگہ کھودائی اور ٹھیکیداروں کی جانب سے بروقت مٹی کوٹھکانے نہ لگانے اور خشک موسم سرما کی وجہ سے عوام سانس کی بیماریوں میں مبتلاء ہورہے ہیں۔

رہائشی علاقوں میں لگائے گئے مکسنگ پلانٹ آبادیوں سے باہر نکالے جائیں۔ اورنج ٹرین کے منصوبے کی بدانتظامی کایہ حال ہے کہ کئی علاقوں میں پینے کے پانی میں سیوریج کاپانی بھی شامل ہورہا ہے مگر متعلقہ حکام نے اس حوالے سے کوئی ہنگامی اقدامات نہیں کئے ہیں۔ جبکہ عدالتی سٹے آرڈر کی وجہ سے بہت سارے علاقوں میں کام پڑا ہے ۔