امریکی اورروسی سازش کے تحت اب تک 16لاکھ مسلمان جام شہادت نوش کرچکے ‘‘مسلم ممالک کی بے حسی شرمناک ہے

نظام مصطفی پارٹی سندھ کے صدر شبیر قاضی ‘ فدا ہاشمی ‘ آفتاب عظیم بخاری و دیگر کا او آئی سی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ

بدھ 21 دسمبر 2016 23:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 دسمبر2016ء) نظام مصطفی پارٹی سندھ کے صدر شبیر احمد قاضی ،الحاج رفیع ،چیف آرگنائیزر فدا حسین ہاشمی، سید آفتاب عظیم بخاری، حافظ محمدشفیق، وسیم ممتاز ایڈووکیٹ ، نثار شہزاد ایڈووکیٹ، پیر زادہ غلام حسین چشتی، سید ارشد عقیل ، سید محمدحنیف بخاری ودیگر ذمہ داران نے شام میں مسلمانوں کے قتل عام پر OICکا اجلاس بلانے کامطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ OICبے حسی اورغفلت کی چادر سے باہر نکلے اورشام کے مسلمانوںکے لیے عملی کردار ادا کرے ۔

انہوںنے کہا کہ امریکی اورروسی سازش کے تحت اب تک سولہ لاکھ مسلمان جام شہادت نوش کرچکے ہیںجس پر مسلم ممالک کی بے حسی شرمناک ہے ، مسلمانوں کی مدد کے لیے کردار ادا کیاجائے ۔ شام میں چنگیز خان اورہلاکوخان کی تاریخ کو دہرایا جارہاہے ۔

(جاری ہے)

حلب میں مسلمانوں کے قتل عام تاریخ کی بدترین مثال ہے ۔ پاکستان کاکردار زبانی جمع خرچ سے آگے بڑھتا نظر نہیں آرہا۔

23دسمبر کو شام کے مسلمانوںسے اظہار یکجہتی اوران کے خلاف جاری مظالم پر ’’یوم احتجاج‘‘منائیں گے ۔ شام میں انسانیت کے قتل عام پر عالمی ضمیر کاٹس سے مس نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے ۔ شام کے شہر حلب جہاں ناقابل بیان ظلم وبربریت رقص کررہی ہے اس وسیع پیمانے پر قتل عام کونسل کشتی کے سواکچھ نہیںکیاجاسکتا مظلوم مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں،تاریخی مساجد اور مقدس مقامات کو شہید کیا جا چکا ہے ایسے موقع پر عالمی ادارے اور انسانی حقوق کے ادارے تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

نظام مصطفیٰ پارٹی نے شام کے مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف صدائے احتجاج بلند کرنے کے لیے’’ آل پارٹیزکانفرنسزو سیمینارز‘‘کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔اسلام دین امن ہے اوراس کے ماننے والوں پر دنیا میں زمین تنگ کی جارہی ہے حلب میںقتل عام اور اس پر عالمی اداروں کی خاموشی امن پسند عالمی قوتوں کے منہ پر زناٹے دار طمانچہ ہے ۔ ذمہ داران نے کہا کہ حلب، شام ، کشمیر، فلسطین ، برما کے اندر انسانیت سوزمظالم ڈھائے جارہے ہیں بچوں اورعورتوں کو زندہ جلایاجارہا ہے اس سے زیادہ مظالم انسانیت کی تاریخ میں نہیں ملتے ان کے دکھوں کا مداوا انسانیت کے بس سے باہر ہے۔

ان کے آنسوں پونچھنے کو عالمی برادری کے دامن ناکافی ہیں ان کے زخموں پر مرہم پٹی سے امت مسلمہ قاصر رہی ہے حلب میں جاری مظالم نے انسانیت کے مکروہ چہرے اور دوغلے کردار کو بے نقاب کردیاہے۔ آج شام میں ہونے والی تباہی کے ذمہ دار عالمی ادارے ہیں روسی سفیر کے قتل پر اخلاقیات کا درس دینے والوں کو لاکھوں انسانوں کے قتل کے وقت بھی ضمیر کی آواز کو سننا چاہیے۔

نظام مصطفی پارٹی نے شام میں جاری مسلم کش قتل عام کے خلاف ’’عالمی ضمیر کی بیداری‘‘ کے لیے مہم چلانے کا فیصلہ بھی کیاہے جس کے پہلے مرحلے میں دنیا کے مختلف ممالک کے سفیروں کو شام میں جاری مظالم کے خلاف احتجاجی خطوط ارسال کیے جارہے ہیں ۔ اورملک بھر میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی ’’ آل پارٹیز کانفرنسزوسمینارز ‘‘ کا انعقاد کرکے صدائے احتجاج بلند کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے ۔اس سلسلے میں آج اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور ، فیصل آباداور ملتان میں ہنگامی اجلاس بھی بلائے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :