قائمہ کمیٹی صنعت و پیداوار کا پاکستان سٹیل مل کے مسلسل خسارے پر برہمی کا اظہار ، روک تھام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی سفارش

سٹیل مل کے واجبات 170ارب سے بڑھ گئے ماہانہ نقصان 60 کروڑ روپے تک پہنچ چکا ہے، جتنی جلدی ہو سکے ا س کی نجکاری کی جائے ،ا رکان کمیٹی اسٹیل ملزنجکاری کی فہرست پر ہے، چین کی مائو کمپنی بھی اسے لینے میں راضی نہیں ، ملز کی نجکاری کیلئے ایران کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں، سیکرٹری وزارت صنعت کی بریفنگ کمیٹی کی ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اینڈ سکلز ڈویلپمنٹ کمپنی لاہور، نیشنل انڈسٹریل ڈویلپمنٹ پارکس کراچی اور پی آئی ڈی سی جیسے اداروں کی تنظیم اور تشکیل نو کی بھی سفارش

بدھ 21 دسمبر 2016 22:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 دسمبر2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار نے پاکستان سٹیل مل کے مسلسل خسارے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کے بڑھتے ہوئے خسارے کی روک تھام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی سفارش کر دی۔کمیٹی ارکان کا کہنا تھا کہا کہ سٹیل مل کے واجبات 170ارب سے بڑھ گئے ہیں،اسٹیل ملز کا ماہانہ نقصان 60 کروڑ روپے تک پہنچ چکا ہے، جتنی جلدی ہو سکے اسٹیل مل کی نجکاری کی جائے ۔

سیکرٹری وزارت صنعت و پیداوار نے کہا کہ اسٹیل ملزنجکاری کی لسٹ پر ہے، چین کی مائو کمپنی بھی اسٹل مل لینے میں راضی نہیں ،سٹیل مل کی نجکاری کیلئے ایران کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔ کمیٹی نے ٹیکنالوجی آپ گریڈیشن اینڈ سکلز ڈویلپمنٹ کمپنی لاہور، نیشنل انڈسٹریل ڈویلپمنٹ پارکس کراچی اور پی آئی ڈی سی جیسے اداروں کی تنظیم نو اور تشکیل نو کی بھی سفارش کی ۔

(جاری ہے)

بدھ کو کمیٹی کا اجلاس چیئر پرسن ساجدہ بیگم کی زیر صدارت میں ہوا جس میں کمیٹی ارکان سمیت سیکرٹری وزارت صنعت و پیداوار اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری وزارت صنعت و پیداوار نے اسٹیل ملز کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسٹیل نجکاری کی لسٹ پر ہے، چین کی مائو کمپنی بھی اسٹل مل لینے میں راضی نہیں ،اس حوالے سے ایران کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں ۔

اسٹیل مل کو اب تک 65ملین کی گرانٹ دی جا چکی ہے۔ اس موقع پر کمیٹی رکن قیصر احمد شیخ نے کہا کہ جتنی جلدی ہو سکے اسٹیل مل کو پرائیویٹ کیا جائے ۔اسٹیل مل کو بحث کیلئے قومی اسمبلی میں بھیجا جائے تاخیر سے اور نقصان ہو گا،اسٹیل مل کے واجبات 170ارب سے بڑھ گئے ،تین سال پہلے کہا گیا اسٹیل ملز کو پاوں پر کھڑا کردیں گے یہ وعدہ آج تک پورا نہیں ہوا۔اسٹیل ملز کا ماہانہ نقصان 60 کروڑ روپے تک پہنچ چکا ہے،چیئرمین نجکاری کمیشن بلانے کے باوجود کمیٹی میں نہیں آتے۔ کمیٹی رکن افتخار الدین نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی ٹانگیں ٹوٹی ہوئی ہیں اور ہم اسے کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، الیکشن کے نزدیک اب اسٹیل ملز کی نجکاری حکومت کے لیے مشکل ہے۔(رڈ)