نہر سوئز میں بحری جہاز میں پھنسے ہوئے 18 پاکستانیوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں‘ سینیٹر نزہت صادق

بدھ 21 دسمبر 2016 20:57

اسلام آباد ۔21دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 دسمبر2016ء) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کی چیئرپرسن سینیٹر نزہت صادق نے کہا ہے کہ نہر سوئز میں بحری جہاز میں پھنسے ہوئے 18 پاکستانیوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں‘ ان کے ویزے کا کوئی مسئلہ نہیں ہے‘ ہالینڈ کی کمپنی سے تنخواہ کی ادائیگی کے لئے مقامی وکیل کا بھی پاکستانی سفارتخانے نے انتظام کردیا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو ایوان بالا میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بحری جہاز کے عملے میں 18 افراد شامل ہیں اور اور یہ جہاز ہالینڈ کی ایک کمپنی کی ملکیت ہے جو عملے کو تنخواہ ادا نہیں کر رہی۔ عملے کے ارکان نے خود اس بات پر آمادگی ظاہر کی ہے کہ وہ اس وقت تک جہاز میں موجود رہیں گے جب تک ان کی تنخواہ نہیں مل جاتی۔ ان کے لئے 6200 ڈالر کی گرانٹ بھی جاری کی گئی ہے تاکہ ان کی ضروریات پوری ہو سکیں۔ پاسپورٹس بھی ان کے پاس ہیں اور ویزے کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ اگر ہالینڈ کی کمپنی نے انہیں تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی تو میری ٹائم قوانین کے مطابق وہ اپنی تنخواہ کی وصولی کا انتظام کریں گے۔