کرپشن کر کے آف شور کمپنیاں بنانے والے بھی وزیراعظم کی کرسی پر براجمان نہیں رہ سکتے‘میاں محمود الر شید

مسلم لیگ ن جھوٹ بول بول کر سچ کو مٹانے کی کوشش میں لگی ہے لیکن عوام کی عقل و دانش پہلے ہی اسے ناکام بنا چکی ہے‘اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی

بدھ 21 دسمبر 2016 20:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 دسمبر2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا کہ کرپشن کر کے آف شور کمپنیاں بنانے والے بھی وزیراعظم کی کرسی پر براجمان نہیں رہ سکتے، یہ 20کروڑ عوام کی توہین ہے۔ انہوں نے حمزہ شہباز شریف کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ مسلم لیگ ن جھوٹ بول بول کر سچ کو مٹانے کی کوشش میں لگی ہے لیکن عوام کی عقل و دانش پہلے ہی اسے ناکام بنا چکی ہے، میاں محمود الر شید نے کہا کہ کینٹینر نکلے تو حکمرانوں کی جان پر بن جاتی ہے، کیونکہ قوم کا عمران خان پر اعتماد پر ہے، وہ جو کہتے ہیں لوگ انکی بات کو من و عن قبول کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوے کی دہائی سے عوام کے خون پسینے کی کمائی کو اپنی ذات اور عیاشیوں پر خرچ کرنے والے حکمران یہ جان لیں کہ اب عوام ان کے جعلی اور کھوکھلے نعروں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔

(جاری ہے)

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ حکمرانوں کو عمران خان پر تنقید کی بجائے قرض اتارو ملک سنواروں سے لیکر دانش سکولوں تک کی سکیموں پر جواب دیں اور بتائیں بیرون ملک کمپنیوں کیلئے سرمایہ ملک سے باہر کیسے گیا اس پر کتنا ٹیکس دیا وزیر اعظم نے قومی اسمبلی جیسے معزز ایوان میں غلط بیانی کیوں کی میاں محمود الر شید نے کہا کہ وزیر اعظم اور انکے درباری اگر یہ سمجھتے ہیں کہ پا نا مہ کا معاملہ ایسے دب جائے گا تو یہ انکی بھول ہے، تحریک انصاف اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم تھی اورز ہے کیونکہ یہ ذاتی نہیں 20کروڑ عوام کے حقوق کا معاملہ ہے۔