زرعی ترقی ہی ملک کی تقدیر بدل سکتی ہی؛ پنجاب نے کسان کی خوشحالی کیلئے تاریخی اقدامات کئے ہیں‘ نعیم اختر بھابھا

کوریا کی مدد سے زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کے رحجان کو عام کرنے میں مدد ملے گی، زراعت میں ہونیوالی میں جدید ریسرچ کا فائدہ عام کسان تک پہنچنا چاہئے‘صوبائی وزیر زراعت

بدھ 21 دسمبر 2016 20:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر زراعت پنجاب نعیم اختر بھابھا نے کہاہے کہ زرعی ترقی ہی ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ موجودہ پنجاب حکومت نے زرعی شعبہ کی بحالی اور کسانوں کی خوشحالی کیلئے تاریخی اقدامات کئے ہیں جس سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور زرعی خودکفالت کا مقصد بھی حاصل ہوگا،جنوبی کوریا نے کم وقت میں ترقی کی منازل طے کی ہیں اور زرعی شعبہ کو جدیدخطوط پر استوار کیا ہے اور پنجاب میں زرعی شعبہ میں کوریا کی مدد سے زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کے رحجان کو عام کرنے میں مدد ملے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے بارانی زرعی یونیورسٹی میں پاک کوریا ٹریننگ سینٹر برائے زراعت اور لائیوسٹاک کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان میں کوریا کے سفیرشوہ ڈونگ گو، پارلیمانی سیکرٹری چوہدی سرفراز افضل اور وائس چانسلر بارانی زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر رائے نذیر احمد بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر زراعت نعیم اختر بھابھا نے کہاکہ زراعت میں ہونیوالی میں جدید ریسرچ کا فائدہ عام کسان تک پہنچنا چاہئے اور اسکے لئے تمام اداروں میں تعاون انتہائی اہم ہے کیونکہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور زرعی شعبہ کو جدیدخطوط پر استوار کئے بغیر ترقی ناممکن ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاک کوریا ٹریننگ سینٹر برائے زراعت اور لائیوسٹاک کسانوںکیلئے جدید ٹیکنالوجی کے حصول میں معاون ثابت ہو گا اور اس سے ملک میں ترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔ پارلیمانی سیکرٹری چوہدری سرفراز افضل نے کہاکہ زرعی خودکفالت سے نہ صرف خوراک کی ملکی ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں بلکہ اس سے بیروزگاری کا بھی خاتمہ ممکن ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کوریا نے زراعت کے شعبہ میں جو ترقی کی ہے وہ پاکستان کیلئے قابل تقلید ہے اور ملک کم مدت میں ترقی کی منازل طے کر سکتاہے۔

انہوںنے کہاکہ حکومت پنجاب نے زرعی شعبہ پر خصوصی توجہ دی ہے اور کسانوں کی فلاح و بہبود اور دیہات کی ترقی کیلئے گرانقدر اقدامات کئے ہیں۔پاکستان میں کوریا کے سفیرشوہ ڈونگ گو نے کہاکہ ریسرچ اور ٹیکنالوجی کے استعمال ہی سے زرعی شعبہ میں بہتری لائی جا سکتی ہے اور کوریا کی حکومت اس سلسلے میں پاکستان کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہاہے۔ انہوں نے کہاکہ کسانوں کی ٹریننگ اور ان کو جدید ٹیکنالوجی سے متعارف کرانا ہی زرعی ترقی کے حصول کا زینہ ہے اور اس سلسلے میں پاک کوریا ٹریننگ سنٹر کلیدی کردار ادا کریگا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر زراعت نعیم اختر بھابھا نے تختی کی نقاب کشائی کرکے ٹریننگ سنٹر کا افتتاح کیا اور اس موقع پر انہوںنے ٹریننگ سنٹر کے مختلف خصوں کا دورہ بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :