نیشنل پریس کلب کی جنرل باڈی نے 2016ء کا بجٹ کثرت رائے سے منظور کر لیا

بجٹ کا تخمینہ 3کروڑ 18 لاکھ 33 ہزار6 سو 23 روپے ، اخراجات کا تخمینہ 3 کروڑ 14 لاکھ 94 ہزار 9 سو 68 روپے

بدھ 21 دسمبر 2016 19:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 دسمبر2016ء) نیشنل پریس کلب کی جنرل باڈی نے 2016ء کا بجٹ کثرت رائے سے منظور کر لیا، بجٹ کا تخمینہ 3کروڑ 18 لاکھ 33 ہزار6 سو 23 روپے ہے جبکہ اخراجات کا تخمینہ 3 کروڑ 14 لاکھ 94 ہزار 9 سو 68 روپے ہے۔ بدھ کو نیشنل پریس کلب میں جنرل کونسل کا اجلاس زیرصدارت صدر این پی سی شکیل انجم ہوا۔ جس میں نیشنل پریس کلب کے کونسل ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس میں متوقع آمدن کا تخمینہ 3کروڑ 18 لاکھ 33 ہزار، 6 سو 23 روپے لگایا گیا۔ نیشنل پریس کلب کی جنرل کونسل نے کثرت رائے سے بجٹ 2016ء کی منظوری دی۔ سیکرٹری پریس کلب عمران یعقوب ڈھلوں نے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سال پریس کلب میں نئی لائبریری، لیڈیز روم، واٹر فلٹریشن پلانٹ، اے ٹی ایم کی تنصیب کی گئی، نئے فرنیچر کی خریداری اور پرانے فرنیچر کی مرمت کروائی گئی، صحافی شہداء کی یادگار کی تعمیر، لان کی تزئین و آرائش کی گئی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ جزوقتی بیروزگار صحافیوں کیلئے کچن پیکج سکیم بھی شروع کی گئی۔ نیشنل پریس کلب کے فنانس سیکرٹری اسحاق چوہدری نے بجٹ پیش کرتے ہوئے تمام بجٹ اخراجات کی تفصیلات سے معزز کونسل اراکین کو آگاہ کیا جبکہ متوقع آمدن کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ خوداری کے اصول پر عمل کرتے ہوئے نیشنل پریس کلب کے اخراجات اپنے وسائل میں رہتے ہوئے پورے کرنے کے علاوہ 4 لاکھ 12 ہزار 26 روپے چھوڑے ہیں۔

نیشنل پریس کلب کی تاریخ میں یہ پہلی باڈی ہے جو ایک کروڑ 15 لاکھ روپے کی سائن بورڈ کی متوقع آمدن چھوڑ رہی ہے جو کل ملا کر ایک کروڑ 19 لاکھ 12 ہزار 26 روپے بنتا ہے آپ کے ووٹوں سے جو بھی نئی باڈی منتخب ہو کر آئے گی اسے زیادہ آزمائش سے نہیں گزرنا پڑے گا۔ 58 افراد پر مشتمل کلب سٹاف کی تنخواہ کی مد میں 80 لاکھ 47 ہزار 1 سو 97 روپے ادا کئے گئے۔ ممبران نیشنل پریس کلب اسلام آباد اور راولپنڈی کیمپ آفس کیفے ٹیریا سبسڈی کی مد میں 23 لاکھ 82 ہزار 6 سو روپے ادا کئے۔

اسحاق چوہدری نے کہا کہ متوقع موصولہ آمدن مختلف پریس کانفرنسوں اور پروگراموں کے ذریعے نیشنل پریس کلب اسلام آباد اور راولپنڈی کیمپ آفس کو 30 لاکھ 42 ہزار 4 سو روپے کی آمدن ہوئی۔ آخر میں صدر شکیل انجم نے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پریس کلب کی باڈی کے ساتھ پورا سال تعاون کیا بعدازاں ان کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ جنرل کونسل اجلاس کے شرکاء کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ نیشنل پریس کلب کی جنرل کونسل نے سال 2015ء کے بجٹ کی منظوری بھی دی۔

متعلقہ عنوان :