وفاقی وزیرداخلہ نے میری خواہش پر دفاع پاکستان کونسل کے وفد سے ملاقات کی، شرکاء کی کوئی فہرست وزیرداخلہ کو نہیں دی گئی تھی، چوہدری نثار نے اس اہم فورم کو فوری ملاقات کا وقت دے کر اپنے فرائض منصبی کا حق ادا کیا ،اس پر وہ تحسین کے مستحق ہیں،،کونسل پر دہشتگردی کا الزام لگا کر بعض لوگ اپنی فرقہ وارانہ ذہنیت اور ملک میں لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم رکھنے والے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کا راستہ ہموار کررہے ہیں‘دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق کا بیان

بدھ 21 دسمبر 2016 17:56

اکوڑہ خٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 دسمبر2016ء) دفاع پاکستان کونسل اور جمعیت علمائے اسلام (س)کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے 21 اکتوبر کو کونسل کے اعلیٰ وفد نے میری خواہش اور مطالبہ پر ملاقات کی تھی، کیونکہ اس سے ایک روز قبل 20اکتوبر کوا سلام آباد کونسل کا سربراہی اجلاس میری صدارت میں منعقد ہوا، جس میں کئی اہم امور زیرغور آئے،سرفہرست مسئلہ افغان مہاجرین کی جبری واپسی،ہزاروںبے گناہ علماء طلباء اور پرامن شہریوں کے قومی شناختی کارڈ بلاک کرانے اور فورتھ شیڈول جیسے اہم مسائل پر وفاقی وزیر داخلہ سے فوری ملاقات کا فیصلہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ اجلاس کے بعد رات ہی کو وفاقی وزیرداخلہ نے دوسرے دن ملاقات کی حامی بھرلی ،کونسل کے اجلاس کے بعداکثر قائدین چلے گئے تھے ،راتوں رات جو میسر آسکے انہیں میں وفد کی شکل میں ساتھ لے گیا، شرکاء وفد کی کوئی فہرست وزیرداخلہ کو نہیں دی گئی تھی ،مولاناسمیع الحق نے کہاکہ اس وقت ملک کے استحکام اور سلامتی کیلئے محب وطن جماعتوں کا سب سے بڑا پلیٹ فارم دفاع پاکستان کونسل ہے جو ملک کی سلامتی او ربیرونی بالادستی کے خلاف برسرپیکار ہے، کونسل میں20،25 جماعتیں بلا لحاظ فرقہ ومسلک و مکتب فکر دیوبندی ،بریلوی،اہل حدیث ،جماعت اسلامی یہاں تک کہ غیر مسلم اقلیتی افراد اور سول سوسائٹی کی اہم شخصیات بھی شامل ہیں، اس کا ایک ہی ہدف ہے کہ پاکستان کے دفاعی اورنظریاتی سرحدات کی حفاظت کی جائے ، وفاقی وزیرداخلہ نے اس اہم فورم کو فوری ملاقات کا وقت دے کر اپنے فرائض منصبی کا حق ادا کیا ہے ، جس پر وہ تحسین کے مستحق ہیں،کونسل پر دہشت گردی کا الزام لگا کر بعض لوگ اپنی فرقہ وارانہ ذہنیت ملک میں لوٹ کھسوٹ اور سیاست کا بازار گرم رکھنے والے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کا راستہ ہموار کررہے ہیں ۔