ابو الاثر حفیظ جالندھری کی34ویں برسی آج منائی جائے گی

منگل 20 دسمبر 2016 20:03

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 دسمبر2016ء) قومی ترانے کے خالق،معروف شاعر ابو الاثر حفیظ جالندھری کو جہان فانی سے رخصت ہوئے چونتیس برس بیت گئے۔ ان کی34ویں برسی21دسمبربدھ کو منائی جائے گی۔ اس دن کے حوالے سے جہانیاں سمیت ملک بھر میں مسلم لیگ اور دیگر جماعتوں کے زیر اہتمام مختلف تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا ۔ابوالاثر حفیظ جالندھری 14جنوری 1900ء کو بھارت کے علاقہ جالندھر میں پیدا ہوئے۔

آزادی کے بعد انہوں نے لاہور کی جانب نقل مکانی کی۔حفیظ جالندھر ی معروف شاعر اور نثر نگار تھے۔ ان کی شاعری مذہبی ،حب الوطنی اور لوک گیتوں پر مشتمل تھی ۔ انہوں نے پاکستان کا قومی ترانہ تخلیق کر کے شہرت حاصل کی۔حفیظ جالندھر ی نے اگرچہ کسی تعلیمی ادارے سے اسناد حاصل نہیں کیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے صرف رسمی تعلیم حاصل کی لیکن تعلیم کی اس کمی کو انہوں نے بھرپور مطالعہ اور ریاضت سے پورا کیا اور اپنی تعلیمی استعداد بڑھائی ۔

انہوں نے اپنی محنت اور لگن سے نامور شعراء میں جگہ بنا لی اس سلسلے میں انہیں اعلیٰ تعلیم یافتہ فارسی کے عظیم شاعر مولاناغلام قادر بلگرامی کی سرپرستی حاصل رہی ہے۔حفیظ جالندھری کو تمغہ حسن کارکردگی اور ہلال امتیاز سے نوازا جا چکا ہے۔ابوالاثر حفیظ جالندھری 21 دسمبر 1982ء کو 82برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے ۔